Al-Risala · July 2016 · page 5

شب قدرکس کے لیے

الرسالہ، جولائی ۲۰۱۶، صفحہ ۵

شب قدرکس کے لیے

شب قدر (لیلۃ القدر) رمضان کے مہینے کی آخری عشرے میں کسی طاق رات کو آتی ہے۔ شب قدر کو پانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ رمضان کی جس رات کو آئے ، وہ اپنے آپ روزے دار کو حاصل جائے۔ بلکہ اس کے لیے تیاری ضروری ہے۔ شب قدر کی برکت صرف اس انسان کو ملے گی جو تیار شخصیت کے ساتھ اس میں داخل ہو۔

شب قدر کا ذکر قرآن کی سورہ نمبر 97 میں آیا ہے۔ اس سورہ کا ایک جزء یہ ہے: تَنَزَّلُ الْمَلَائِكَةُ وَالرُّوحُ فِيهَا بِإِذْنِ رَبِّهِمْ مِنْ كُلِّ أَمْرٍ، سَلَامٌ (القدر: 5-6) ۔ فرشتے اور روح اس رات میں اپنے رب کی اجازت سے اترتے ہیں، ہر حکم لے کر۔ وہ رات سراسر امن ہے۔ On that night, the angels and the Spirit come down by the permission of their Lord with His decrees for all matters, it is all peace. قرآن کی اس آیت کے مطابق، شب قدر امن کی رات (night of peace) ہے۔ شب قدر کے بارے میں قرآن کے الفاظ بتاتے ہیں کہ وہ تیار شخصیت (prepared personality) کون ہے جس کو فطرت کے قانون کے مطابق اس رات کی برکتوں میں حصہ ملے گا۔ یہ شخصیت پر امن شخصیت (peaceful personality) ہے۔ یعنی وہ شخصیت جس کو حقیقت کی دریافت اس طرح ہوئی ہو کہ وہ پورے معنوں میں مثبت سوچ (positive thinking) والا انسان بن گیا ہو۔ اس کی معرفت نے اس کے اندر خلق عظیم (القلم : 4) کی صفت پیدا کر دی ہو۔ اس کے نتیجے میں اس کا حال یہ ہو جائے کہ اس کے دل میں دوسروں کے لیے محبت اور خیر خواہی کے سوا کچھ نہ ہو۔ وہ تشدد پسند انسان کے بجائے امن پسند انسان بن گیا ہو۔ وہ رد عمل (reaction) کی نفسیات سے مکمل طور پر خالی ہو۔ یہی وہ انسان ہے جس کو شب قدر کی برکتیں حاصل ہوں گی۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2016 All issues

Printed page