Al-Risala · January 2018 · page 4

سفرحیات

الرسالہ، جنوری ۲۰۱۸، صفحہ ۴

پیغمبرانہ حکمت Prophetic Wisdom قرآن میں پانچ مقامات پر آیا ہے کہ پیغمبر کا کام لوگوں کو حکمت کی تعلیم دینا ہے۔ حکمت کے لیے انگریزی زبان میں وزڈم (wisdom) کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ ڈکشنری میں تلاش کیا جائے کہ وزڈم متعین طور پر کیا ہے تو ڈکشنری میں اس کی کوئی واضح تعریف (definition) نہیں ملے گی ۔ مثلاً ڈکشنری یہ بتائے گی کہ وزڈم کا مطلب ہے اچھا فیصلہ لینے کی صلاحیت: The quality of having good judgement مگر خود کسی آدمی کے اندر اچھا فیصلہ لینے کی یہ صلاحیت کیسے پیدا ہوتی ہے۔ اس کا کوئی واضح جواب ڈکشنری میں نہیں ملتا۔ یہاں تک کہ بعض اسکالر نے یہ کہہ دیا کہ وزڈم ان صلاحیتوں میں سے ایک ہے جن کی علمی تعریف کرنا مشکل ہے:

Wisdom is one of those qualities difficult to define (www.psychologytoday.com/basics/wisdom)

حکمت اگرچہ پیغمبر اسلام کی صفت ہے، لیکن راقم الحروف نے حدیث میں حکمت کی قولی تعریف تلاش کی تو مجھے کامیابی نہیں ملی۔ پھر میں نے ایک اور طریقہ اختیار کیا۔ میں نے سوچا کہ جب پیغمبر اسلام ایک باحکمت انسان تھے تو ان کے عمل (practice) میں ضرور اس کی مثال ملے گی۔ یہ طریقہ کامیاب رہا۔ مجھے پیغمبر کے عملی اسوہ (نمونہ) سے متعین طور پر یہ دریافت ہوئی کہ وزڈم کی علمی تعریف کیا ہے۔ میری دریافت کے مطابق وہ علمی تعریف یہ ہے۔ وزڈم اس صلاحیت کا نام ہے کہ آدمی غیر متعلق پہلووں کو الگ کر کے متعلق پہلو کو دریافت کر سکے: Wisdom is the ability to discover the relevant by sorting out the irrelevant. پیغمبر اسلام کی زندگی اس اعتبار سے وزڈم کا کامل نمونہ ہے۔ آپ نے اپنی 23 سالہ پیغمبرانہ حیات میں اسی وزڈم کو استعمال کیا، اور یہی وزڈم آپ کی اعلیٰ کامیابی کا خاص سبب تھا۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2018 All issues

Printed page