Al-Risala · May 2019 · page 46

پرزنس آف گاڈ

الرسالہ، مئی ۲۰۱۹، صفحہ ۴۶

پرزنس آف گاڈ

کوفی عنان (2018-1938) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل تھے۔ 18 اگست کو 80 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کی موت پر مختلف لوگوں نے تبصرہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے موجودہ سکریٹری جنرل مسٹر انتونیو گوٹیرش نے ان کی موت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا۔ بہت سے پہلوؤں سے کوفی عنان (اپنے آپ میں) اقوام متحدہ تھے:

In many ways, Kofi Annan was the United Nations. (The Times of India, New Delhi, Aug 19, 2018, p. 20)

اس کا مطلب یہ ہے کہ کوفی عنان کی پرسنالٹی ایک ٹاورنگ (towering) (towering)پرسنالٹی تھی۔ وہ جب اقوام متحدہ میں ہوتے تھے، تو ان کی وجہ سے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ پوری اقوام متحدہ ان سے بھری ہوئی ہے۔ اس ریمارک کو میں نے پڑھا تو میں نے محسوس کیا کہ یہ بات زیادہ درست طور پر اللہ رب العالمین کے لیے صادق آتی ہے۔

صبح کے وقت جب آپ کسی کھلی جگہ پر ہوں، اور کھلے آسمان میں کائنات کے منظر کو دیکھیں، تو واضح طور پر معلوم ہوگا کہ ساری کائنات خدا کی عظمت سے بھری ہوئی ہے۔ اس کو قرآن میں ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: اِنَّ قُرْآنَ الْفَجْرِ كَانَ مَشْهُودًا (17:78)۔ یعنی بیشک فجر کی قرات مشہود ہوتی ہے۔ یہی بات قرآن کی ایک اور آیت میں قیامت کی نسبت سے ان الفاظ میں آئی ہے: وَمَا قَدَرُوا اللَّهَ حَقَّ قَدْرِهِ وَالْأَرْضُ جَمِيعًا قَبْضَتُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَالسَّمَاوَاتُ مَطْوِيَّاتٌ بِيَمِينِهِ (39:67)۔ جب انسان کو اللہ رب العالمین کی حقیقی معنوں میں دریافت ہوتی ہے، اس وقت انسان کو پرزنس آف گاڈ (presence of God) کا احساس ہونے لگتا ہے۔ اسی حقیقت کی طرف حدیث جبریل میں ان الفاظ میں اشارہ کیا گیا ہے: أَنْ تَعْبُدَ اللَّهَ كَأَنَّكَ تَرَاهُ، فَإِنْ لَمْ تَكُنْ تَرَاهُ فَإِنَّهُ يَرَاكَ ( صحیح البخاری، حدیث نمبر 50)۔ یعنی تم اللہ کی عبادت اس طرح کرو، گویا تم اس کو دیکھ رہے ہو، اور اگر تم نہیں دیکھتے ہو تو وہ تم کو دیکھتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2019 All issues

Printed page