Al-Risala · July 2019 · page 43

باس از آلویز رائٹ

الرسالہ، جولائی ۲۰۱۹، صفحہ ۴۳

باس از آلویز رائٹ

باس از آلویز رائٹ (Boss is always right)— کمپنی کلچر کا ایک بنیادی اصول ہے۔ اس اصول کے بغیر کوئی اجتماعی کام نظم وضبط کے ساتھ انجام نہیں دیا جا سکتا۔ اسی لیے ہر اجتماعی کام میں ایک شخص کو ذمہ دار اعلیٰ بنایا جاتا ہے۔ مزید یہ کہ ذمہ دار اعلیٰ پر اعتماد کرنا پڑتا ہے کہ وہ صحیح فیصلہ لے گا۔ بوقت فیصلہ باس کو کلی اختیار حاصل ہوتا ہے۔ البتہ یہ صحیح ہے کہ بعد کو باس کا احتساب کیا جائے، اور باس سے یہ درخواست کی جائے کہ وہ اپنے فیصلے کا جواز ذمہ دار لوگوں کو بتائے۔ جو شخص کسی کمپنی میں کوئی جاب کرے، اس کے لیے لازم ہے کہ وہ باس از آلویز رائٹ کے اصول کو بلا شرط مانے۔ اس اصول کے معاملے میں کسی شخص کا کوئی استثنا نہیں۔ کیوں کہ اس معاملے میں اگر استثنا کے اصول کو مانا جائے، تو کمپنی کا کام درست طور پر انجام نہیں دیا جا سکتا۔ جو آدمی کسی کمپنی میں جاب کر رہا ہو، اس کو یہ اختیار تو حاصل ہے کہ وہ جاب کو چھوڑ دے، لیکن اس کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ باس از الویز رائٹ کے اصول کو ماننے سے انکار کر دے، یا جاب پر رہتے ہوئے، اس کی خلاف ورزی کرے۔

باس از آلویز رائٹ کوئی عقیدے کی بات نہیں، یہ ایک پریکٹیکل وزڈم کی بات ہے۔ کوئی آدمی جو کسی کمپنی میں جاب کر رہا ہو، یہ اس کی ذاتی ذمے داری ہے کہ وہ کمپنی کے قواعد کو جانے، وہ کمپنی کے اصول وضوابط کو پوری اسپرٹ کے ساتھ اپنائے۔ کوئی شخص جو کمپنی کے جاب میں ہو، اگر وہ اس اصول کی خلاف ورزی کرے، تو اس کو لازماً اس کا نقصان بھگتنا پڑے گا۔ یہ کمپنی کے اپنے اوپر ہے کہ وہ اس معاملے میں کارکن کو اس کی غلطی پر سزا دے، یا وہ اس کو معاف کر دے۔ اسی طرح یہ کارکن کی اپنی ذمے داری ہے کہ وہ کمپنی کے ضوابط سے مکمل طور پر باخبر رہے، تا کہ وہ پوری طرح ان ضوابط کا پابند ہو سکے۔ اس معاملے میں کارکن کی طرف سے کوئی عذر قابل قبول نہیں۔ اس معاملے میں کارکن کی صرف ذمے داری ہے، کارکن کا کوئی ناقابلِ تنسیخ حق (irrevocable right) نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2019 All issues

Printed page