آغاز کے بغیر
الرسالہ، مئی ۲۰۲۲، صفحہ ۴۵
اسلام کا فکری انقلاب دیگر ادیان پر آج بھی غالب ہے مسلمان تصادم اور ٹکراؤ کا راستہ ترک کردیں: مولانا وحیدالدین خاں بمبئی، 10 نومبر (جاوید جمال الدین)۔ اسلامی اسکالر اور ماہنامہ "الرسالہ" دہلی کے مدیر اعلیٰ مولانا وحیدالدین خاں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تصادم اور ٹکراؤ کے طریقے کو ترک کردیں اور شرانگیزی کی جانب توجہ نہ دیں۔ مولانا آج (10 نومبر کو) جنوبی بمبئی میں واقع پائیل ہال میں اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے تحت منعقد کیے گئے ایک جلسے میں "حضرت محمد: پیغمبر انقلاب" کے موضوع پر خطاب کررہے تھے۔ (تقریر کی چند باتیں درج ذیل ہیں):
نیا مسئلہ: انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی عبادت گاہ کے سامنے سے کسی دوسرے فرقے کا جلوس گزرتا ہے اور جلوس میں مشتعل انگیز نعرے لگائے جاتے ہیں تو اس وقت اشتعال نہ ہوں اور ایسی باتوں کو نظر انداز کردیں۔ کیوں کہ ٹکراؤ سے ایک نیا مسئلہ کھڑا ہوجائے گا۔ کامیاب انقلاب: حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کے متعلق مولانا نے کہا کہ آپ نے جو فکری انقلاب پیدا کیا وہ تمام ادیان پر غالب ہوگیا اور آج بھی اس کا غلبہ ہے۔ اس کے برخلاف دنیا میں جتنے بھی سیاسی انقلاب برپا ہوئے سب کے سب ناکام ہوئے۔
توحید کی تعلیم: مولانا موصوف نے کہا کہ حضرت محمد نے تمام پیغمبروں کی طرح توحید کی تعلیم دی اور مشرکین کو بتایا کہ تم جن چیزوں کی عبادت کرتے ہو وہ بذات خود مخلوق ہیں۔ محمد اور تاریخ: اپنی تقریر کے دوران مولانا نے ایک شخص کا ذکر کیا، جس نے ایک عرصہ قبل گفتگو کے دوران کہا تھا کہ اگر محمد کو تاریخ سے نکال دیا جائے تو تاریخ میں کیا کمی رہ جائے گی ۔ اور مولانا نے اس کے جواب میں برملا کہا تھا" وہی کمی رہ جائے گی جو محمد سے پہلے موجود تھی۔ " مستقبل روشن: مولانا کے مطابق، ہندوستان میں مسلمانوں کا مستقبل کافی روشن ہے، بشرطیکہ وہ جذباتی طریقہ اختیار کرنے کے بجائے مثبت تعمیری سوچ اپنائیں۔
(روزنامہ انقلاب، 11 نومبر 1991)