Give me money and I will give you cure.
الرسالہ، ستمبر ۲۰۲۲، صفحہ ۴۴
چنانچہ اسپتال میں ان کے ساتھ بے توجہی کا معاملہ ہوا۔ وہ بے بسی کے ساتھ چلاتے رہے کہ میں ڈاکٹر مانڈ کے ہوں۔ مگر عدم واقفیت کی بنا پر وہاں بروقت ان کا صحیح علاج نہ ہوسکا اور اسپتال ہی میں ان کا خاتمہ ہوگیا۔
ممبئی کے ایک دوسرے سرجن، ڈاکٹر کامران سے ملاقات ہوئی۔ انھوں نے بتایا کہ انسان کے جسم میں ایک خاص عنصر ہوتا ہے۔ یہی آپریشن کے بعد اندمال (healing) کا سارا کام کرتا ہے۔ اگر یہ عنصر نہ ہو تو تمام سرجن بے روزگار ہو جائیں۔ ڈاکٹر مانڈ کے اگر اس پوری حقیقت پر غور کرتے تو وہ ہر سرجری کے بعد اپنے عجز کو دریافت کرتے۔ لیکن غور وفکر نہ کرنے کی وجہ سے وہ برعکس طور پر سرجری کے واقعے میں اپنی مہارت دیکھتے رہے۔ اس لیے ایسا ہوا کہ جس واقعے میں انہیں عجز کی غذا مل رہی تھی، اُس سے وہ غلط طور پر کبر کی غذا لیتے رہے اور آخر کار اسی بے خبری کے ساتھ اُن کا خاتمہ ہو گیا۔ موجودہ زمانے میں یہ مزاج بہت زیادہ عام ہو چکا ہے۔ نعمتوں کا استعمال، لیکن منعم کا اعتراف نہیں۔ ہر انسان مکمل طور پر عاجز ہے مگر وہ اپنے آپ کو قادر سمجھ لیتا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ وہ غور وفکر سے کام نہیں لیتا۔ حقیقت یہ ہے کہ اس دنیا میں ہر کام خارجی اسباب کی رعایت کے ذریعہ انجام پاتا ہے۔ آپ کی زندگی میں 99 فی صد سے زیادہ حصہ خدا کا ہے اور ایک فی صد سے بھی کم حصہ آپ کی اپنی کوشش کا۔ ایسی حالت میں انسان کے اندر اعتراف (شکر) کا جذبہ خدا کے لیے ہونا چاہیے، نہ کہ اپنی ذات کے لیے۔ مگر عجیب بات ہے کہ اس معاملے میں تمام دنیا کے لوگ بے خبری میں مبتلا ہیں۔ غور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ موجودہ زمانے میں خدا نے انسان کو نہایت قیمتی چیزیں عطا کی ہیں، جو قدیم زمانے میں بادشاہوں کو بھی حاصل نہیں تھیں۔ مگر میرے تجربے کے مطابق، بیشتر لوگ ان کا صرف غلط استعمال کرتے ہیں۔ مثلاً جدید کمیونی کیشن خدا کی ایک عظیم نعمت ہے مگر غالباً اس نعمت کا تقریباً 95 فیصد حصہ صرف بے فائدہ یا غلط مقاصد کے لیے استعمال ہورہا ہے۔ اور جہاں تک کہ اس نعمت پر شکر کا تعلق ہے وہ تو میں نے اپنے تجربے میں حقیقی طور پر کسی کے اندر پایا ہی نہیں، نہ مذہبی لوگوں میں اور نہ سیکولر لوگوں میں۔ اس معاملے میں دونوں کی حالت ایک ہے۔ اپنے دین کو جانچنے کا معیار یہ ہے کہ آپ دیکھیے کہ آپ کے اندر شکر کی نفسیات ہے یا نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 2022 All issues