Al-Risala · May 2023 · page 24

ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا

الرسالہ، مئی ۲۰۲۳، صفحہ ۲۴

ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا

مرد کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ایگوٹسٹ (egoist) ہوتا ہے۔ عورت کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ایموشنل (emotional) ہوتی ہے۔ یہ دونوں صفتیں پیدائشی صفتیں ہیں ۔ ان کو بدلنا کسی بھی حال میں ممکن نہیں۔ اگر آپ اس حقیقت کو جان لیں تو آپ کے لیے عورت اور مرد دونوں کے ساتھ معاملہ (deal) کرنا آسان ہو جائے گا۔ اس کا مختصر فارمولا یہ ہے کہ مرد کے ایگو کو ٹچ (touch) نہ کیجیے، اور عورت کے ایموشن (emotion) سے نہ ٹکرائیے۔ یہی فارمولا خاندانی زندگی میں بھی کار آمد ہے اور سماجی زندگی میں بھی۔

حقیقت یہ ہے کہ اس دنیا میں معاملات ہمیشہ ٹکراؤ کی بنا پر بگڑتے ہیں۔ ٹکراؤ سے اعراض کرنا ہی پر عافیت زندگی کا واحد کامیاب فارمولا ہے۔ اس کے سوا کوئی اور فارمولا عملی طور پر اس دنیا میں ممکن نہیں۔ اس فارمولے کو ایک لفظ میں ٹکراؤ مینج مینٹ (conflict management) کہا جا سکتا ہے۔ ٹکراؤ سے اعراض کرنا، صرف ایک اخلاقی معاملہ نہیں، یہ خود اپنی تعمیر (self development) کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ جب آپ ٹکراؤ سے بچتے ہیں تو نتیجے کے اعتبار سے اس کا دوسرا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ نے اپنا وقت بچایا، آپ نے اپنی توانائی بچائی، آپ نے اپنا مال بچایا، آپ نے اپنے آپ کو اس قابل بنایا کہ کسی وقفے کے بغیر اپنی زندگی کا سفر جاری رکھیں۔ آپ غیر ضروری طور پر ذہنی تناؤ (tension) کا شکار نہیں ہوئے، آپ نے اپنے ذہن کو کامل طور پر مثبت سوچ کے لیے فارغ رکھا، وغیرہ۔

کامیاب زندگی پچاس فی صد خود اپنے استعمال کا نام ہے، اور پچاس فی صد دوسروں سے موافقت (adjustment) کرنے کا نام ہے۔ یہ ایک اٹل فطری قانون ہے، اس میں کسی کا کوئی استثناء نہیں ۔ کامیابی کے لیے دونوں ہی چیزیں یکساں طور پر ضروری ہیں۔

جو انسان اس تقسیم پر راضی نہ ہو، اس کو اپنے لیے ایک اور دنیا کی تخلیق کرنا چاہیے۔ کیوں کہ موجودہ دنیا میں اس کے سوا زندگی کی کوئی اور صورت ممکن نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2023 All issues

Printed page