آپ کی زندگی کیسی گزر رہی ہے
الرسالہ، جولائی ۲۰۲۳، صفحہ ۷
آپ کی زندگی کیسی گزر رہی ہے
مس سہگل ہمارے پڑوس میں رہتی ہیں۔ آج، 4 فروری 2020 کو میں اپنے آفس کے پاس پارک میں بیٹھا ہوا تھا کہ وہ آگئیں۔ بہت دنوں کے بعد ملاقات ہوئی تھی۔ چنانچہ انھوں نے مختلف باتیں پوچھیں۔ ان میں سے ایک یہ تھا کہ آپ کی زندگی کیسی گزر رہی ہے؟
میں نے جواب دیا کہ میں ایک ایسا انسان ہوں، جو اللہ رب العالمین کی یاد میں جیتا ہے۔ یہی میری زندگی کا سرمایہ ہے۔ لوگ بوڑھے ہو کر ریٹائرڈ لائف کا کوئی پیٹرن اختیار کر لیتے ہیں۔ میرا پیٹرن یہ نہیں ہے۔ میرا پیٹرن ہے اللہ کی یاد میں جینا۔ اللہ کی یاد میں جینے والے کے لیے کوئی بریک نہیں ۔ میں جیسے پہلے اللہ کی یاد میں جیتا تھا، اسی طرح اب بھی اللہ کی یاد میں جیتا ہوں۔ مثال کے طور پر میں اس وقت ایک پارک میں بیٹھا ہوا ہوں۔ یہاں خدا کی طرف سے مجھ کو کئی چیزیں سپلائی ہو رہی ہیں۔ مثلاً دھوپ اور آکسیجن، وغیرہ۔ یہ سب مجھ کو نہایت رائٹ پروپورشن میں سپلائی کی جارہی ہیں۔ اگر یہی چیزیں مجھ کو رائٹ پروپورشن (right proportion) میں نہ ملیں تو میری ساری زندگی اپسٹ (upset) ہو جائے گی۔ اب میں سوچتا ہوں کہ خدا کتنا عظیم ہے۔ اس کو یہ بھی معلوم ہے کہ انسان کے لیے کیا چیزیں درکار ہیں، اور ہر چیز میں اس کے لیے رائٹ پروپورشن کیا ہے۔ مثلاً، زمین کے اوپر سبزہ اور ہر یالی ہے لیکن اس میں کانٹے نہیں ہیں، تا کہ میں آسانی کے ساتھ زمین پر چل پھر سکوں۔ اسی طرح خالق نے یہاں میرے لیے پانی کی سپلائی کا انتظام کیا۔ مگر اس کا نظام یہ ہے کہ پانی کی سپلائی زمین کے اوپر ندی اور نہر وغیرہ سے کی جارہی ہے، اور تیل کی سپلائی زمین کے اندر سے۔ یہ دونوں چیزیں ہم کو ہماری ضرورت کے عین مطابق مل رہی ہیں۔ اگر معاملہ اس کے برعکس ہو، یعنی پٹرول کی سپلائی اوپر سے ہو، اور پانی کی سپلائی نیچے سے، تو سارا نظام اپسٹ (upset) ہو جائے۔ اس طرح یہاں بہت سی چیزیں اپنے آپ سپلائی ہو رہی ہیں، لیکن ہر چیز رائٹ پروپورشن میں عین انسان کی ضرورت کے مطابق اس کو مل رہی ہے۔ اگر پروپورشن بگڑ جائے تو ہر چیز انسان کے لیے مسئلہ بن جائے گی۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 2023 All issues