اصلاح کا طریقہ
الرسالہ، ستمبر ۲۰۲۴، صفحہ ۳۰
اصلاح کا طریقہ
سیرت رسول کا مطالعہ بتاتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عربوں کے اصلاح کے لیے جو طریقہ اختیار کیا، وہ یہ تھا کہ آپ نے پہلے فکری مہم کے ذریعہ ان کے ذہنوں کو بدلا۔ جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے بیان سے معلوم ہوتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ قرآن میں سب سے پہلے ایسی سورتیں نازل ہوئیں جن میں جنت اور جہنم کا ذکر تھا۔ یعنی ان حقائق کا بیان جن سے فکر میں تبدیلی پیدا ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ جب لوگ اسلام کی طرف مائل ہو گئے (حَتَّى إِذَا ثَابَ النَّاسُ إِلَى الْإِسْلَامِ) تب حرام اور حلال کے احکام اترے۔ برعکس طور پر اگر پہلے یہ نازل ہوتا کہ تم لوگ شراب نہ پیو یا زنا نہ کرو تو وہ، زبانی یا عملی طور پر، ضرور یہ کہتے کہ ہم یہ سب کام نہیں چھوڑیں گے (صحیح البخاری، حدیث نمبر 4993)۔ عرب اگر چہ یہ دعویٰ کرتے تھے کہ وہ حضرت ابراہیم کے دین پر ہیں، مگر طویل عرصہ گزر جانے کی وجہ سے وہ اپنی تحریف شدہ سماجی روایت میں کنڈیشنڈ ہو چکے تھے۔ ان کو ڈی کنڈیشنڈ کرنا اسی وقت ممکن تھا، جب کہ ان کے ایک ایک فرد میں تبدیلی لائی جاتی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی طریقہ کو اپنا کر عرب کی سرزمین کو " ہیروؤوں کی نرسری" میں تبدیل کر دیا۔ اس اصول کو آپ نے اس طرح بیان کیا ہے: اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ وَاِنَّمَا لِكُلِّ امْرِئٍ مَّا نَوَی (صحیح البخاری، حدیث نمبر 1)۔ مطلب یہ ہے کہ عمل کی بنیاد نیت پر ہے، اور کسی انسان سے وہی اعمال ظاہر ہوتے ہیں، جیسی وہ نیت کرتا ہے۔ (نیت یعنی سوچ و ارادہ)۔ اس انقلابی تبدیلی کی وجہ بیان کرتے ہوئے مولانا وحید الدین خاں صاحب نے اپنے ایک سفر نامہ میں جو لکھا ہے، اس کا خلاصہ یہ ہے: "پہلی وحی کے طور پر قرآن میں اقرأ کا حکم آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ خدائی کلام ہے۔ جب آپ کی نبوت کا آغاز ہوا اس وقت عرب میں بہت سے مسائل تھے۔ مثلاً کعبہ میں 360 بت، رومیوں اور ایرانیوں کی عرب علاقوں میں سیاسی دخل اندازی، سماج میں مختلف قسم کے جرائم، غربت اور پانی کی قلت، وغیرہ۔ مگر قرآن میں جو پہلی آیت اتری، اس میں ان مسائل کا ذکر نہیں تھا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مسائل خواہ کتنے ہی زیادہ ہوں، ان کو نظر انداز کرتے ہوئے ہمیں اپنے عمل کا آغاز ہمیشہ علم اور شعور کی بیداری سے کرنا چاہیے۔ یہ نہایت اہم خدائی اصول ہے۔ " آج بھی سماج کی اصلاح کے لیے یہی طریقہ کارگر ہے۔ (مولانا فرحاد احمد)
‹ Previous page Next page › Contents of September 2024 All issues