Al-Risala · January 2025 · page 4

زندگی قیمتی کیسے

الرسالہ، جنوری ۲۰۲۵، صفحہ ۴

زندگی قیمتی کیسے

اپنی زندگی کو قیمتی بنانے کا راز کیا ہے۔ میرے خیال میں، اس کا راز ہے ۔ آدمی کے اندر فرقان کی صلاحیت (art of differentiation) کا پیدا ہونا۔ یعنی چیزوں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں فرق کر کے دیکھنا۔ جو لوگ تمیز کی قوت سے بے خبر ہوں، وہ مختلف راستوں میں دوڑتے رہیں گے، اور صحیح راستہ اختیار نہیں کر پائیں گے۔

اس آرٹ کا ایک پہلو یہ ہے کہ چیزوں کے درمیان ڈی لنکنگ کی صلاحیت انسان کے اندر موجود ہو۔ جن لوگوں کے اندر یہ آرٹ موجود ہو، وہ اپنے وقت کو بے فائدہ کاموں میں الجھانے سے بچا لیں گے۔ وہ ایک اور دوسری چیز کے فرق کو جان کر اپنی کوشش کو زیادہ درست طور پر استعمال کریں گے۔ آرٹ آف ڈفرینسی ایشن آنے سے زندگی قیمتی کیسے ہو جاتی ہے۔ وہ اس طرح کہ ایسا آدمی اس سے بچ جاتا ہے کہ وہ کام کے فرق کو نہ جانے اور غیر متعلق چیزوں میں ڈسٹریکٹ (distract) ہو کر اپنے وقت کو ضائع کرتا رہے۔ اسی کو قرآن میں فرقان کہا گیا ہے۔ قرآن کے الفاظ یہ ہیں: یا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن تَتَّقُوا اللَّهَ يَجْعَل لَّكُمْ فُرْقَانًا (8:29)۔ یعنی اے ایمان والو، اگر تم اللہ سے ڈرو گے تو وہ تمہارے لیے فرقان عطا کرے گا۔

تقویٰ سے فرقان کیسے پیدا ہوتا ہے۔ تقویٰ آدمی کو حساس بناتا ہے۔ ایسے آدمی کو اس بات کی فکر ہو جاتی ہے کہ وہ غلط کام نہ کرے تا کہ وہ اللہ کی پکڑ سے بچ جائے۔ جس آدمی کے اندر یہ مزاج پیدا ہو جائے، وہ اس قابل ہو جائے گا کہ وہ کنڈیشننگ کی نفسیات سے اوپر اٹھ کر درست منصوبہ بندی کرے۔ وہ عمل کرنے سے پہلے سوچے ۔ وہ دوسروں سے مشورہ کرے۔ وہ آبجیکٹیو مائنڈ کے ساتھ معاملے میں غور کرے ۔

ایسا آدمی اس قابل ہو جاتا ہے کہ وہ ڈی لنکنگ پالیسی اختیار کرے۔ وہ متعلق (relevant) اور غیر متعلق (irrelevant) کے فرق کو جانے ۔ ایسے آدمی کی منصوبہ بندی زیادہ درست اور مبنی بر حقیقت ہوگی۔ جس آدمی کے اندر یہ صلاحیت پائی جائے، وہ یقیناً کامیاب انسان ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2025 All issues

Printed page