Al-Risala · April 1982 · page 37

آنے والا دن

الرسالہ، اپریل ۱۹۸۲، صفحہ ۳۷

آنے والا دن

موت ایک قسم کی گرفتاری ہے۔ موت وہ دن ہے کہ فرشتے کسی آدمی کو پکڑ کر اس کے مالک کے پاس پہنچا دیتے ہیں۔

گرفتاری کا یہ دن ہر شخص کی طرف تیزی سے دوڑا چلا آ رہا ہے۔ مگر لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ دوسروں کی گرفتاری کو تو خوب جانتے ہیں مگر خود اپنی گرفتاری کی انھیں خبر نہیں۔ وہ دوسروں کے پکڑے جانے کا بہت چرچا کرتے ہیں۔ مگر اپنے لئے آنے والے اس دن کو یاد نہیں کرتے جب کہ خدا کے فرشتے بے رحمی کے ساتھ انھیں پکڑ کر مالک کائنات کی عدالت میں پہنچا دیں گے ۔

آدمی دوسروں کی کمیوں کو جاننے کا ماہر بنا ہوا ہے ، حالانکہ جاننے والا وہ ہے جو اپنی کمیوں کو جانتا ہو۔ آدمی لفظی جواب دے کر اپنے کو محفوظ سمجھ لیتا ہے ، حالانکہ محفوظ وہ ہے جو اپنی غلطیوں کا اعتراف کرلے۔

خدا کی گرفتاری کا دن تمام ہولناک دنوں سے زیادہ ہولناک ہے۔ اس کا اگر واقعی احساس ہو جائے تو آدمی کی پوری زندگی بدل جائے ۔ وہ اس دنیا میں رہتے ہوئے آخرت کے عالم میں پہنچ جائے ۔ وہ خدائی انصاف کے اس ترازو پر آج ہی اپنے کو کھڑا کرلے جس پر دوسرے لوگ مرنے کے بعد کھڑے کئے جانے والے ہیں۔

آدمی اگر خدا کی پکڑ سے ڈرتا ہو تو ہر گرفتاری کو وہ اپنی گرفتاری سمجھے ۔ دوسرے کے ہاتھ میں ہتھکڑی لگتی ہوئی دیکھے تو اس کو ایسا محسوس ہو گویا خدا اس کو باندھ کر کائنات کی عدالت میں لے جایا جا رہا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of April 1982 All issues

Printed page