Al-Risala · July 1982 · page 21

قدرت کے آغوش میں

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۲، صفحہ ۲۱

قدرت کے آغوش میں

یہ ایک پہاڑی مقام ہے۔ میں سطح سمندر سے چھ ہزار فٹ کی بلندی پر بیٹھا ہوں۔ ہری گھاس کی قدرتی مخمل ہمارا فرش ہے۔ ہمارے چاروں طرف آفاقی حسن کے مناظر پھیلے ہوئے ہیں۔ سبزہ سے ڈھکی ہوئی پہاڑیاں، قدرتی چشموں کی موسیقی، فرحت بخش ہوا کے جھونکے، سورج کی سہانی کرنیں، نیلا آسمان اور اس میں جگہ جگہ سفید بادل کی گل کاریاں، چڑیوں کے چہچہانے کی لطیف آوازیں، تمدن کے ہنگاموں اور آلائشوں سے دور قدرت کی خاموش فضا، یہ سب چیزیں عجیب ناقابل بیان منظر پیدا کر رہی تھیں۔ ایسا معلوم ہوا جیسے کائناتی کا حسین چہرہ اپنے حسین تر خالق کا آئینہ بن گیا ہو۔ میری زبان سے بے اختیار نکلا ؀ خدایا، تو اس سے زیادہ ہے کہ میں اپنے لفظوں میں تجھ کو بیان کر سکوں۔ میں نے تیری حمد میں جو کچھ کہا وہ جھوٹ تھا۔ کیونکہ میں نے تیری بے پایاں ہستی کو بیان نہیں کیا بلکہ اس کو گھٹا دیا۔ میں نے تیرا چرچا کیا مگر میں نے تیرا چرچا نہیں کیا، کیونکہ تو اس سے بلند ہے کہ تیرا چرچا کرنے کے لئے کوئی شخص الفاظ پا سکے۔ میں نے تیری عبادت کی، مگر میں نے تیری عبادت نہیں کی، کیونکہ تو اس سے برتر ہے کہ کوئی انسان تیری عبادت کا حق ادا کر سکے۔ پہاڑ کا ہمالیائی ماحول خدا کے جلال و جمال کو اس طرح نمایاں کر رہا تھا کہ اس کے مقابلہ میں اپنی ہر چیز حقیر اور بے قیمت نظر آئی۔ یہاں بیٹھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے آدمی خدا کی آفاقی دنیا میں پہنچ گیا ہے۔ تمام منفی جذبات اور سطحی داعیات خدا کی وسیع دنیا میں تحلیل ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔ خود پرستی کائنات کی عظمتوں کے سامنے اپنا وجود کھوتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ اللہ کی عقیدت کے سوا دوسری تمام عقیدتیں اور پرستاریاں ایسی ہو جاتی ہیں جیسے مالک کائنات کی بارگاہ میں ان کو جگہ نہ مل رہی ہو۔ دنیا پرستی یہاں کی جنتی فضاؤں میں ایک ایسی حقیر چیز بن جاتی ہے جس پر آدمی کو خود شرم آنے لگے۔ میں کائنات حسن کے اس ماحول میں گم تھا کہ اچانک میرے ذہن میں ایک خیال آیا۔ خدا کی یہ دنیا ہی خدا کے ذکر کی سب سے موزوں جگہ ہے۔ یہاں کی ربانی فضا ہی اس کام کے لئے سب سے زیادہ مناسب ہے کہ یہاں وہ ربانی انسان پیدا کئے جائیں جو سارے عالم کو کوفا ربانیین (ربانی بنو) کی دعوت دے سکیں۔ یہاں کے جنتی پڑوس ہی میں وہ انسان تیار کئے جا سکتے ہیں جو لوگوں کو یہ پیغام دیں کہ جنت کی طرف دوڑو

‹ Previous page Next page › Contents of July 1982 All issues

Printed page