Al-Risala · October 2020 · page 33

مسائل نہیں

الرسالہ، اکتوبر ۲۰۲۰، صفحہ ۳۳

مسائل نہیں

موجودہ دنیا میں ہر انسان کے لیے مسائل (problems) بھی ہیں، اور اسی کے ساتھ مواقع (opportunities) بھی۔ غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مسائل انسان کی پیداوار ہیں۔ اس کے مقابلے میں مواقع خالق کا عطیہ ہیں۔ آپ اس معاملے میں مثبت ذہن پیدا کیجیے، آپ یہ کیجیے کہ مسائل کو نظر انداز کیجیے اور مواقع کو تلاش کر کے ان کو اپنے لیے استعمال کیجیے، اور پھر آپ کو کسی سے کوئی شکایت نہ ہوگی۔

مثال کے طور پر ہماری فضا میں ہوا موجود ہے، جو ہماری زندگی کے لیے بے حد مفید ہے۔ اسی کے ساتھ ہم دیکھتے ہیں کہ یہاں فضائی آلودگی (air pollution) بھی موجود ہے۔ ہوا خالق کا عطیہ ہے۔ اس کے مقابلے میں فضائی آلودگی انسان کا اضافہ۔ ہر آدمی یہ کرتا ہے کہ وہ فضائی آلودگی کو نظر انداز کر کے ہوا کو اپنے لیے استعمال کرتا ہے۔ اسی طرح ہم کو چاہیے کہ ہم مسائل کو نظر انداز کریں، اور مواقع کو تلاش کر کے، ان کو اپنے حق میں استعمال کریں۔ یہی موجودہ دنیا میں کامیابی کا واحد راز ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ زندگی ناموافق حالات سے بھری ہوئی ہے۔ کامیاب وہ ہے جو ناموافق حالات میں اپنے لیے موافق راستہ دریافت کر لے۔ یہی اس دنیا میں کامیابی کا واحد راز ہے۔ اگر آپ چاہیں کہ آپ کو ایسی زندگی مل جائے، جس میں ناموافق اسباب موجود نہ ہوں تو ایسی زندگی کا پانا بلاشبہ ناممکن ہے۔

ایسی حالت میں دانش مندی یہ ہے کہ آدمی شکایت اور احتجاج سے بچے، اور حقیقت پسندی کی زندگی اختیار کرے۔ شکایت اور احتجاج کا طریقہ صرف وقت کو ضائع کرنے کا طریقہ ہے۔ دانش مند آدمی وہ ہے جو اپنے وقت کو بھر پور طور پر استعمال کرے۔ وہ ناقابل حصول کو آگنور کرے، اور قابل حصول کو پانے کے لیے اپنی ساری قوت لگا دے۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 2020 All issues

Printed page