Tazkirul Quran, Qur’an 70:15–35
The Ascending Stairways (Al-Ma‘arij)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
ان آیات میں مختصر طور پر دونوں قسم کے انسانوں کی صفات بیان کر دی گئی ہیں ۔ ان لوگوں کی بھی جو جنت میں داخل کیے جانے کے مستحق قرار پائیں گے اور ان لوگوں کی بھی جن کے اعمال انھیں قیامت کے دن جہنم میں گرانے کا سبب بنیں گے۔
محروم کی تشریح امام مالک نے یہ کی ہے کہ اس سے مراد وہ ہے جو رزق سے محروم رہا(أَنَّهُ الَّذِي يُحْرَمُ الرِّزْقَ) تفسیر القرآن من الجامع لابن وہب، جلد 2، صفحہ 35۔ حضرت عمر بن عبدالعزیز نے ایک جانور کو دیکھا جوبھوکاتھا اور بظاہر اس کے کھانے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھی انھیں میں سے ہے جس کو قرآن میں محروم کہا گیا ہے (تفسیر القرطبی، جلد17، صفحہ39)۔ اصل یہ ہے کہ ایمان جب کسی آدمی کے دل میں جگہ پاتا ہے تو وہ اس کو انتہائی سنجید ہ اور انتہائی حساس بنادیتا ہے۔ وہ نہ صرف سائل کی ضرورت پوری کرنے کواپنی ذمہ داری سمجھتا ہے ،بلکہ اس کا احساس یہ ہوجاتا ہے کہ ہر محروم کااس کے اوپر حق ہے، خواہ وہ انسان ہویا جانور یاکوئی درخت۔