Urdu book · احیاء اسلام

اسلامی دعوت

Urdu book, p. 39

By Maulana Wahiduddin Khan

تحریک کا مقام نہیں دے سکتا۔ اور نہ اس پر خدا کے وہ وعدے پورے ہو سکتے جو صرف حقیقی اسلامی تحریک کے لئے مقدر ہیں۔ ایک حقیقی درخت خود اپنے بیج سے اگتا ہے نہ کہ پلاسٹک کے ہم شکل بیج سے۔ اسی طرح وہی اسلامی تحریک خدا کے وعدہ کئے ہوئے نتائج تک پہنچتی ہے جو حقیقی اسلامی بنیادوں پر اٹھی ہو۔ ایک تحریک جو حقیقتاً قومی محرکات کے تحت اٹھے وہ صرف اس لئے اسلامی نتائج ظاہر نہیں کرنے لگے گی کہ اس کے رہنما جب اس کو لوگوں کے سامنے پیش کرتے ہیں تو وہ اس کو اسلامی الفاظ اور اسلامی اصطلاحات میں بیان کرتے ہیں ۔ اسلامی تحریک دراصل معرفت خداوندی کا عملی اظہار ہے۔ وہ آخرت کے نظام کو دنیا کی زندگی میں اتار لانا ہے۔ خدا نے بقیہ کائنات میں جن اخلاقیات کو بزور قائم کر رکھا ہے انھیں اخلاقیات کو انسان کی سطح پر خود اپنے ارادے سے قائم کرنا ہے۔ خلاصہ یہ کہ اسلامی تحریک ایک ابدی حقیقت کے زیراثر اٹھنے والی تحریک ہے نہ کہ ایسی تحریک جو قومی واقعات کے وقتی ردعمل کے طور پر ظہور میں آئی ہو۔ مومن خدا کی زمین میں اگنے والا خدا کا سر سبز درخت ہے ۔ اور مومنین کی جماعت خدا کا سر سبز باغ ۔ جو لوگ وقتی تماشوں یا قومی ہنگاموں کو اسلامی دعوت کا نام دیتے ہیں وہ گویا اپنے ٹھنڈے کو خدا کا سر سبز باغ ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے لوگ خدا کے نام پر استغلال کرنے کے مجرم ہیں، وہ اپنے اس عمل کے لئے کسی کریڈٹ کے مستحق نہیں ہو سکتے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page