Urdu book · احیاء اسلام

ضابطۂ فطرت

Urdu book, p. 64

By Maulana Wahiduddin Khan

کے بعد خدا کی دنیا میں کامیابی کا حصول ممکن نہیں۔ خدا نے اپنی دنیا میں کامیابی کا راز اگر صبر میں رکھا ہے تو آپ اس کو جلد بازی کے ذریعہ حاصل نہیں کر سکتے۔ خدا نے اگر ایک واقعی نتیجہ کو خاموش جدوجہد سے وابستہ کر دیا ہے تو آپ تقریروں اور بیانات کی دھوم مچا کر اس نتیجہ کو اپنے لئے برآمد نہیں کر سکتے۔ خدا نے کوششوں کا حاصل پانے کے لئے اگر ایک مدت مقرر کر دی ہے تو آپ مدت کی تکمیل سے پہلے اس حاصل کے مالک نہیں بن سکتے۔ خدا نے اگر اپنی دنیا میں نتیجہ خیز عمل کے لئے تدریج کا اصول مقرر کیا ہے تو آپ چھلانگ لگا کر اچانک اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکتے۔ خدا اگر چاہتا ہے کہ ضروری استحکام کے بغیر کوئی اقدام نہ کیا جائے تو آپ استحکام کے بغیر اقدام کر کے کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔ خدا نے اس دنیا کے مسائل کا حل اگر حقیقت پسندانہ طریق عمل میں رکھا ہے تو آپ جذباتیت کے طریقہ پر چل کر اپنے مدعا کو نہیں پاسکتے۔ خدا نے اگر افراد کے اندر کردار کی تعمیر میں قومی اصلاح کا راز رکھا ہے تو آپ اجتماعی ہنگاموں سے قومی اصلاح کے مقصد تک نہیں پہنچ سکتے۔ یہ خدا کا قانون ہے اور خدا کے قانون میں کبھی تبدیلی نہیں ہوتی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page