Urdu book · آخرت کا سفر

درد ناک انجام

Urdu book, p. 22

By Maulana Wahiduddin Khan

پھر اس دولت کا استعمال بھی صرف ایک ہے اور وہ ہے اپنی مادی خوش حالی میں اضافہ کرنا، مکان اور سواری اور کپڑے جیسی چیزوں میں زیادہ سے زیادہ ترقی کرنا۔ اگر کوئی شخص بظاہر مذہبی ہے، تو وہ صرف رسمی معنوں میں مذہبی ہے۔ مقصد زندگی کے اعتبار سے تقریباً ہر ایک کا نشانہ صرف ایک ہے، اور وہ ہے مادی ترقی۔ ہر آدمی کی زندگی ایک تلخ انجام پر ختم ہورہی ہے اور وہ ہے تمام مادی ترقیوں کو چھوڑ کر اس دنیا سے چلا جانا۔ یہ بے حد سنگین صورتِ حال ہے۔ اس میں دنیا کے تقریباً تمام لوگ مبتلا ہیں۔ اپنے خیال کے مطابق، وہ ترقی کی طرف جارہے ہیں، مگر موت ہر ایک کو بتا رہی ہے کہ تمھارا سفر صرف تباہی کے گڑھے کی طرف تھا، نہ کہ ترقی کی منزل کی طرف۔ کیسا عجیب ہے انسان کا یہ انجام کہ وہ اپنے بہترین وقت اور اپنی بہترین توانائی کو خرچ کرکے لترؤن الجحیم (التکاثر 6) کا مصداق بن رہا ہے، یعنی جنت کا خواب دیکھنے والا، آخرکار اپنے آپ کو جہنم کے گڑھے میں گرا ہوا پائے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page