موت ایک ریمائنڈر
Urdu book, p. 23
By Maulana Wahiduddin Khan
موت ایک ریمائنڈر موت مرنے والے کے لیے موت ہے، اور زندہ رہنے والے کے لیے اُس کی موت کا ریمائنڈر (reminder)۔ جب کوئی شخص مرتا ہے تو بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایک بولنے والا چپ ہو گیا، لیکن اُس کا چپ ہونا اپنے آپ میں ایک اعلان ہوتا ہے۔ یہ اعلان کہ آنے والا وقت میرے اوپر آ چکا ، اب یہی وقت تمھارے اوپر آنے والا ہے۔ تم آنے والے وقت کے لیے تیار ہو جاؤ۔ آج کل یہ رواج ہے کہ جب کسی شخص کی عمر کا ایک سال پورا ہوتا ہے اور اس کی عمر کا اگلا سال شروع ہوتا ہے تو اُس وقت اس کی سال گرہ (birthday) منائی جاتی ہے۔ مگر زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ اُس کو موت کی یاد کا دن سمجھا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر عورت اور ہر مرد کی عمر کا مسلسل کاؤنٹ ڈاؤن (countdown) ہو رہا ہے۔ ہر سال گرہ صرف یہ بتاتی ہے کہ تمھاری مدتِ حیات کا ایک اور سال کم ہو گیا۔ موت اِسی کاؤنٹ ڈاؤن کی تکمیل ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader