Urdu book · اللہ اکبر

اگلا پیر اگراف

Urdu book, p. 380

By Maulana Wahiduddin Khan

مسلسل دل چسپی باقی رکھنے کی ایک ہی صورت ہے۔ وہ یہ کہ آدمی کی توجہ، ہمیشہ کہانی کے اگلے پیرا گراف پر لگی رہے۔ یہی بات آخرت کے اعتبار سے بھی درست ہے۔ ایک شخص یہ فیصلہ کرے کہ وہ موجودہ دنیا میں حق کے مطابق زندگی گزارے گا۔ وہ وہی کرے گا جو کرنا چاہیے اور وہ نہیں کرے گا جو نہیں کرنا چاہیے۔ ایسے شخص کو بہت جلد یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس نے ”پانے“ کے بجائے ”کھونے“ کی راہ اختیار کی ہے۔ اس کو موجودہ دنیا میں اپنی محنتوں اور قربانیوں کا صلہ نہیں ملتا۔ جن لوگوں کو اس نے ملانا چاہا تھا وہ شکایتیں لے کر الگ ہوجاتے ہیں۔ جن لوگوں کو اس نے اپنا ساتھی سمجھا تھا وہ اس کا ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔ جن لوگوں کی خاطر اس نے اپنی زندگی ویران کردی تھی ان سے اسے صرف الزامات کے تحفے حاصل ہوتے ہیں۔ دوسرے لوگ اس سے کم محنت کر کے اپنا ”محل“ کھڑا کر لیتے ہیں اور اس کا حال یہ ہوتا ہے کہ ان سے زیادہ محنت کرنے کے باوجود اس کا ”جھونپڑا“ بھی تیار نہیں ہوتا۔ ایسی حالت میں حق کے راستہ پر قائم رہنے کی ایک ہی صورت ہے۔ وہ یہ کہ آدمی اپنی توجہ آخرت کی طرف لگالے۔ اس کی نظر کہانی کے ”اگلے پیرا گراف“ پر مرتکز رہے۔ کوئی بڑی کامیابی اسی شخص کے حصہ میں آتی ہے جو ”آج“ کی محرومی کے بجائے ”کل“ کی یافت پر نگاہ رکھے۔ جو کچھ کل ملنے والا ہے اس کی خاطر وہ آج کو نظر انداز کر دے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page