Urdu book · اللہ اکبر

خدا کو پانے والا

Urdu book, p. 8

By Maulana Wahiduddin Khan

خدا کو پانے والا خدا کو پانا سب سے بڑی حقیقت کو پانا ہے۔ کوئی آدمی جب خد اکو پاتا ہے تو یہ اس کے لیے ایک ایسی زلزلہ خیز دریافت ہوتی ہے جو اس کی پوری زندگی کو ہلا دیتی ہے۔ وہ ایک ناقابلِ بیان ربانی نور میں نہا اٹھتا ہے۔ وہ ایک نیا انسان بن جاتا ہے۔ اس کی سوچ نئے رخ پر چلنے لگتی ہے۔ اس کا عمل کچھ سے کچھ ہو جاتا ہے۔ اس کی تمام کارروائیاں ایک ایسے انسان کی کارروائیاں بن جاتی ہیں جو خدا کے ظہور سے پہلے خدا کو دیکھ لے۔ جو قیامت کی ترازو کھڑی ہونے سے پہلے اپنے آپ کو قیامت کی ترازو پر کھڑا ہوا محسوس کرنے لگے۔ مومن اور غیر مومن کا فرق یہ ہے کہ غیر مومن پر جو کچھ قیامت میں گزرنے والا ہے وہ مومن پر اسی دنیا میں گزر جاتا ہے۔ غیر مومن جو کچھ آخرت میں دیکھے گا وہ مومن اسی دنیا میں دیکھ لیتا ہے۔ غیر مومن کل کے دن جو کچھ مجبور ہو کر مانے گا اس کو مومن آج کے دن کسی مجبوری کے بغیر مان لیتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page