Urdu book · عقلیات اسلام

روحانی کثافت

Urdu book, p. 23

By Maulana Wahiduddin Khan

روحانی کثافت مشینی صنعت نے موجودہ زمانہ میں انسان کے لیے ایک نیا مسئلہ پیدا کیا ہے جس کو کثافت (pollution) کہا جاتا ہے۔ مشینوں اور کارخانوں کی وجہ سے شور میں اضافہ ہوا ہے جس کو صوتی کثافت (noise pollution) کہتے ہیں۔ اسی طرح پانی اور ہوا میں گندگی شامل ہو رہی ہے جس کو آبی کثافت (water pollution) اور فضائی کثافت (air pollution) کہا جاتا ہے۔ کمیونسٹ ملکوں میں اب ایک نئی اصطلاح وضع ہوئی ہے جس کوروحانی کثافت (spiritual pollution) کا نام دیا گیا ہے۔ اس اصطلاح کا آغاز کمیونسٹ چین سے ہوا ہے۔ سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کے زمانہ میں امریکہ اور چین کے درمیان جو معاہدہ ہوا، اس کے تحت چین اور مغربی دنیا کے درمیان آمد و رفت بڑھ گئی۔ اب مختلف قسم کے مذہبی اور ثقافتی وفد چین جانے لگے۔ چین کے رسائل میں مغربی دنیا کے مضامین چھپنے لگے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مغربی دنیا کے افکار چین کے اندر پہنچنے لگے جو کمیونسٹ انقلاب کے بعد بالکل بند تھے۔ انفرادیت پسندی، فکری آزادی اور مذہبی خیالات جو چین میں اب تک ممنوع تھے وہ مغرب کے واسطے سے چین میں در آمد ہونے لگے۔ یہ کمیونسٹ نظریہ کے خلاف زبردست چیلنج تھا۔ یہ اس نظام فکر کو منہدم کرنے کے ہم معنی تھا جس پر کمیونسٹ چین کا سیاسی ڈھانچہ قائم ہے۔ چنانچہ چین میں اس’’روحانی کثافت‘‘ کے خلاف سرکاری سطح پر زبردست مہم شروع ہو گئی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس نئی کثافت سے اپنے ملک کو یکسر پاک کر دے (ٹائمز آف انڈیا، 9 نومبر 1983ء)۔ کمیونسٹ حضرات کا دعویٰ ہے کہ ان کا نظریہ تمام نظریات میں سب سے زیادہ صحیح نظریہ ہے۔ انسان کی فکری تلاش اپنے لمبے تجربہ کے بعد جس آخری سچائی پر پہنچی ہے وہ وہی ہے

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page