Urdu book · اسفارِ ہند

بنگلور کا سفر

Urdu book, p. 360

By Maulana Wahiduddin Khan

راستے میں مسٹر جگدیش جوشی سے ملکی حالات پر باتیں ہوتی رہیں۔ انھوں نے کہا کہ آجکل ہمارے دیش میں جو برائیاں ہیں ان کا اصل سبب سیاست داں ہیں۔ انھوں نے کہا: "پہلے راج نیتی میں جو لوگ آتے تھے وہ دیش کی سیوا کرنے کے لیے آتے تھے، اب وہ کیوں پیٹ بھرنے کے لیے آتے ہیں"۔ ایرپورٹ میں داخل ہوا تو ایک جگہ سگریٹ کا گھومتا ہوا شاندار اشتہار تھا۔ اس میں بہادری کے مختلف مناظر دکھائے گئے تھے مثلاً گھوڑ سواری ، کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں کے کارنامے۔ اس کے نیچے لکھا تھا کہ ایک ولولہ دریافت کرو : discover a passion جوش اور ولولہ کے واقعات بجائے خود درست تھے مگر ان کو سگریٹ نوشی سے جوڑنا بلاشبہ ایک فرضی بات تھی۔ دو غیر متعلق باتوں کو جوڑ کر اپنی خواہش کا نتیجہ نکالنا موجودہ دنیا میں عام ہے۔ سیکولر دائرہ میں بھی اور مذہبی دائرہ میں بھی۔ روانگی سے پہلے مسٹر سٹینگڈی نے اپنی ایک کتاب دی تھی۔ اس میں لکھا تھا کہ متشدد مسلمان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اسلام کسی طرح کی قوم پرستی کی اجازت نہیں دیتا۔ اور مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ نیشنلزم کے خلاف لڑیں۔ مگر نام نہاد مسلم ملکوں میں نیشنل سٹوں نے کامیابی کے ساتھ اس برائی کا مقابلہ کیا ہے۔ اسلام کی ابتدائی تعلیمات پوری طرح حب الوطنی کے موافق ہیں : Fanatical Muslims assert that Islam does not permit of any kind of nation-worship and that Muslims must fight against nationalism. But nationalist in the so-called Muslim countries successfully combated this evil. The original tenets of Islam are quite compatible with the spirit of patriotism. (132-33) موجودہ زمانہ میں نااہل مسلم رہنماؤں نے نیشنلزم اور حب الوطنی کے خلاف اتنا زیادہ غوغا برپا کیا کہ اب وہ مسلمانوں کی نفسیات کا جزو بن گیا ہے۔ اس کے لیے یہ دلیل دی گئی کہ موجودہ نیشنلزم اور حب الوطنی سے مسلمانوں کا تشخص مٹ جائے گا، وہ ایک مستقل ملت کی حیثیت سے اپنا وجود ختم کر دیں گے۔ مگر یہ خطرہ صرف بے شعوری کی پیداوار تھا۔ زیادہ اہم بات یہ تھی کہ اس کے نتیجہ میں مسلمان علیحدگی پسندی کا شکار ہو جائیں گے۔ اور پھر ایک طرف ان کی دنیوی ترقی رک جائے گی اور دوسری طرف دعوت کے عمل کا خاتمہ ہو جائے گا۔ عملاً یہی پیش آیا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page