Urdu book · اسماءِ حسنیٰ

دعا اور سپرد دعا

Urdu book, p. 54

By Maulana Wahiduddin Khan

انٹرویو ، انگریزی میں تقریر ۔ یہ سب جو اس سے پہلے میری زندگی میں موجود نہ تھا ، اب وہ عمومی طور پر میری زندگی میں شامل ہو گیا اور بفضلہ تعالیٰ تا دم تحریر (30 اگست 2007) جاری ہے۔ آزادی ہند (1947) کے بعد جب میں نے خصوصی طور پر انگریزی سیکھنا شروع کیا تو ہر ایک میری حوصلہ شکنی کرتا تھا۔ میرے بڑے بھائی عبدالعزیز خاں (وفات: 1988) نے میرے انگریزی شوق کو دیکھ کر کہا تھا: بڑھا طوطا کیا پڑھے گا۔ عام تجربے کے لحاظ سے، اُن کا ایسا کہنا بالکل درست تھا۔ لیکن خدا کی نصرت سے وہ سب کچھ ہوسکتا ہے جو انسان سے نہیں ہو سکتا۔ میرے گمان کے مطابق، مذکورہ دعا بلاشبہ، اسمِ اعظم کے ساتھ کی جانے والی دعا تھی اور اسی دعا کا یہ کرشمہ تھا کہ ایک نہ ہونے والی بات واقعہ بن کر لوگوں کے سامنے آگئی۔ عصری اسلوب میں اسلامی لٹریچر پروفیسر محمد مجیب (وفات: 1985) جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) کے تین بڑے ستونوں میں سے ایک تھے۔ بقیہ دو یہ تھے: ڈاکٹر ذاکر حسین (وفات: 1969)، ڈاکٹر عابد حسین (وفات: 1978)۔ پروفیسر مجیب نہایت اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے۔ اُن کو انگریزی زبان پر غیرمعمولی قدرت تھی۔ انھوں نے مستشرقین (orientalists) کا لٹریچر تفصیل کے ساتھ پڑھاتھا۔ غالباً 1970 کی بات ہے۔ میں جامعہ ملیہ کے کیمپس میں پروفیسر مجیب سے ملا۔ اُس وقت پروفیسر انوار علی خاں سوز (وفات: 1987) بھی میرے ساتھ تھے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page