اوراقِ حکمت
Urdu book, p. 179
By Maulana Wahiduddin Khan
جولائی 1402ء میں انگورہ (Angora) کے میدان میں دو مسلم بادشاہوں کی لڑائی ہوئی ۔ ایک طرف تیموری سلطنت کا بانی سلطان تیمور (1405-1336ء) تھا ، دوسری طرف عثمانی سلطان بایزید اول (1403-1360ء) ۔ یہ ایک نہایت خوف ناک جنگ تھی۔ اس میں تیمور کی فوج کے ایک لاکھ آدمی قتل ہوئے اور بایزید کی فوج کے صرف پچاس ہزار آدمی مارے گئے ۔ اس کے باوجود شکست سلطان بایزید کے حصہ میں آئی۔ اس کی وجہ کیا تھی۔ اس کی سادہ وجہ یہ تھی کہ سلطان تیمور کی فوج میں پانچ لاکھ سپاہی تھے ۔ جب کہ سلطان بایزید کی فوج میں کل ایک لاکھ سپاہی تھے۔ اس طرح سلطان تیمور کی فوج کے ایک لاکھ آدمی قتل ہونے کے بعد بھی اس میں چار لاکھ آدمی باقی تھے، اور سلطان با یزید کی فوج میں کل ایک لاکھ آدمی تھے ۔ چنانچہ پچاس ہزار آدمیوں کے قتل ہو جانے کے بعد اس میں صرف پچاس ہزار آدمی باقی رہ گئے۔ سلطان با یزید بے حد بہادر آدمی تھا۔ مگر کیفیت (quality) کی زیادتی کمیت (quantity) کی کمی کو ایک حد تک ہی پورا کر سکتی ہے۔ اگر فریقین کے درمیان کمیت کے تناسب میں غیر معمولی فرق واقع ہو جائے تو کیفیت کی زیادتی کمیت کی کمی کی تلافی کے لیے کافی نہیں ہو سکتی۔ 19 ستمبر 1985 موجودہ زمانے کے ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ انسان کے دماغ (brain) میں جو پارٹیکل ہیں، وہ پوری کائنات کے مجموعی پارٹیکل سے بھی زیادہ ہیں۔ انسانی دماغ کی استعداد بے پناہ ہے، مگر کوئی بڑے سے بڑا انسان بھی اب تک اپنے دماغ کو دس فی صد سے زیادہ استعمال نہ کر سکا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader