3 مئی 1985
Urdu book, p. 90
By Maulana Wahiduddin Khan
مولانا ابو الاعلی مودودی (1979-1903) کی ایک کتاب ہے جس کا نام تنقیحات ہے۔ یہ موصوف کے مضامین کا مجموعہ ہے، جو پہلی بار 1939 میں شائع کیا گیا تھا۔ اس کتاب کے ایک مضمون کا عنوان ہے ”لارڈ لوٹھین کا خطب“۔ لارڈ لوٹھین (1882-1940) ایک انگریز تھے۔ جنوری 1938 میں انھوں نے علی گڑھ مسلم ورسٹی میں کانوکیشن ایڈریس دیا۔ مذکورہ مضمون میں اس ایڈریس کے کچھ حصے اردو میں ترجمہ کر کے نقل کیے گئے ہیں۔ جب میں نے پہلی بار اس مضمون کو پڑھا تو مجھے لارڈ لوٹھین کے اس خطبے سے بڑی دلچسپی ہوئی۔ کیوں کہ اس میں بتایا گیا تھا کہ جدید یورپ میں اسلام کی تبلیغ کے زبردست امکانات ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم حاصل کر کے یورپ جائیں، اور اس امکان کو استعمال کریں۔ دلچسپی کی بنا پر میں نے چاہا کہ اس خطبے کو اصل انگریزی زبان میں حاصل کر کے پڑھوں۔ چنانچہ میں علی گڑھ گیا اور وہاں کی یونی ورسٹی لائبریری میں اس کو تلاش کیا۔ مگر یونی ورسٹی کے کتابی ذخیرہ میں یہ خطبہ موجود نہ تھا۔ بالآخر میں سرسید روم میں گیا کہ شاید وہاں مل جائے مگر وہاں بھی نہیں ملا۔ سرسید روم کے ذمہ دار نے بتایا کہ اس خطبے کی اصل کی ہمیں بھی تلاش تھی۔ ہم نے یونی ورسٹی کے ہر شعبے میں اس کو ڈھونڈ مگر معلوم ہوا کہ وہ یونی ورسٹی کے ریکارڈ میں موجود نہیں ہے۔ مجھے یونی ورسٹی کی اس بے انتظامی پر بے حد افسوس ہوا۔ تاہم اس سے میں نے ایک سبق لیا۔ وہ یہ کہ جب میں اپنے اردو مضامین میں انگریزی یا کسی دوسری زبان کا کوئی اقتباس نقل کروں تو اس کے ترجمے کے ساتھ اس کا ضروری حصہ بھی اصل زبان میں نقل کر دوں۔ چنانچہ الرسالہ کے اکثر مضامین میں میں نے یہی انداز اختیار کیا ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader