Urdu book · عظمتِ اسلام

دنیا انتظار میں ہے

Urdu book, p. 48

By Maulana Wahiduddin Khan

دنیا انتظار میں ہے مشہور انگریز مورخ آرنلڈ ٹوائن بی کی ۲۶۳ صفحات کی ایک کتاب ہے جس کا نام ”تہذیب کا امتحان“ ہے۔ مصنف کے الفاظ میں یہ کتاب انسان کے حال اور مستقبل کے بارہ میں ایک مورخ کے نقطۂ نظر (Standpoint of a historian) کو بیان کرتی ہے : Arnold J. Toynbee. Civilization on Trial, London 1948 کتاب میں مصنف نے ایک بات یہ کہی ہے کہ جدید تہذیب نے مادی اعتبار سے انسان کو بہت کچھ دیا ہے۔ مگر اسی کے ساتھ اس نے بہت سے مسائل بھی پیدا کئے ہیں جن کا حل بظاہر اس کے پاس نہیں۔ ان مسائل میں سے دو چیزیں — نسلی امتیاز اور شراب ہیں۔ مصنف نے اعتراف کیا ہے کہ ان دونوں برائیوں کو ختم کرنے میں مغربی تہذیب ناکام ہو چکی ہے ، اور اسلام کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس نے دونوں برائیوں کو ختم کرنے میں پوری کامیابی حاصل کی۔ ہم اسلام میں کچھ ایسے اصول پاسکتے ہیں جو کہ اگر نئے سماج کے اندر رائج کئے جائیں تو ان کا نہایت مفید اثر قریبی مستقبل میں ظاہر ہو سکتا ہے۔ ہمارے موجودہ سماجی تعلقات میں دو کھلے ہوئے خطرے موجود ہیں ، ایک نفسیاتی اور دوسرا مادی۔ یہ خطرے ہماری موجودہ مغربی سوسائٹی کے اہم اجزاء بن گئے ہیں۔ وہ ہیں — شراب اور نسلی امتیاز۔ ان دونوں برائیوں کو ختم کرنے کے لئے اسلام اہم خدمت انجام دے سکتا ہے۔ اگر یہاں اسلام کو اختیار کر لیا جائے تو وہ اخلاقی اور سماجی اعتبار سے نہایت مفید ثابت ہوگا۔ مسلمانوں میں نسلی امتیاز کا ختم ہو جانا اسلام کا عظیم اخلاقی کارنامہ ہے۔ اور آج کی دنیا میں اسلام کے ان اصولوں کی تبلیغ شدید ضرورت بن گئی ہے (صفحہ ۲۰۵)

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page