Urdu book · عظمتِ اسلام

کامل مذہب

Urdu book, p. 8

By Maulana Wahiduddin Khan

کامل مذہب انسان کو ایک عقیدہ یا نظام فکر کی ضرورت ہے جو اس کے اندرونی تقاضنے کا جواب ہو۔ جو اس کی زندگی کی تشریح کرے۔ جس سے وہ اپنی عملی زندگی میں رہنمائی لے سکے۔ عام مذاہب انسان کے لیے ایسا نظام فکر فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ مذاہب تحریف کی بنا پر اپنی واقعی حیثیت کو کھو چکے ہیں۔ ان کے اور انسانی فطرت کے درمیان مطابقت باقی نہیں رہی ہے ۔ وہ زندگی کے معاملات میں صحیح رہنمائی کرنے سے قاصر ہیں۔ اسی بنا پر آج کی تعلیم یافتہ دنیا نے ان مذاہب کو رد کر دیا ہے ۔ سائنس کے ظہور کے بعد جدید انسان نے یہ سمجھا کہ سائنس اس کو وہ فکری بنیاد دے سکتی ہے جس پر وہ کھڑا ہو سکے ۔ مگر یہاں ایک اور مسئلہ اس کے لیے رکاوٹ بن گیا ۔ سائنس میں بھی انسان اپنے لیے مطلوبہ فکری بنیاد نہ پا سکا ۔ سائنس نے انسان کو عالم فطرت کی دریافت میں مدد دی ۔ یہ عالم فطرت جو اس نے دریافت کیا وہ بے حد با معنی تھا ۔ اس میں نظم تھا ، اس میں ڈیزائن تھی ۔ اس میں منصوبہ بندی تھی ۔ مگر دوبارہ سائنس کی ایک کمی سائنس اور انسان کے درمیان حائل ہو گئی ۔ انسان یہاں بھی اپنے مطلوب نظام فکری کو حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ سائنس کی کمی یہ تھی کہ اس نے صرف "کیا ہے " کے بارے میں بتایا ۔ " کیوں ہے " کے بارے میں وہ انسان کو کچھ نہ بتا سکی ۔ گویا سائنس انسان کو ایک اچھی مشین تو دیتی ہے مگر وہ یہ نہیں بتاتی کہ اس اعلیٰ مشین کا صانع (Maker) کون ہے ۔ اس مسئلہ کا حل مذہب کے پاس تھا ۔ مگر جدید انسان مذہب کو پہلے ہی رد کر چکا تھا ۔ انسان ایک توجیہ پسند حیوان (explanation-seeking animal) ہے۔ وہ ہر واقعہ کی توجیہہ چاہتا ہے ۔ سائنس آدمی کی اس طلب کو پورا نہیں کرتی ۔ وہ واقعہ کی نشان دہی کرتی ہے مگر وہ واقعہ کی توجیہہ نہیں بتاتی ۔ وہ انسان کو ایک ایسی کائنات سے متعارف کرتی ہے جس میں ڈیزائن اور پلان ہے ۔ مگر وہ انسان کو اس کے ڈیزائنر اور اس کے پلانر کے بارے میں کوئی خبر نہیں دیتی ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page