Urdu book · عظمتِ اسلام

دنیا اسلام کی تلاش میں

Urdu book, p. 185

By Maulana Wahiduddin Khan

تو وہ اس کو عین نفسیاتی طلب کے مطابق پائے گا اور فوراً اس کو قبول کر لے گا۔ مغربی دنیا میں، اور مجموعی طور پر ساری دنیا میں "مذہب کی طرف واپسی" کا جو رجحان پیدا ہوا ہے، وہ حقیقتہً "اسلام کی طرف واپسی" کا ترجمان ہے۔ کیونکہ اب مذہب کی نمائندگی کے لیے صحیح اور مستند نسخہ صرف وہی ہے جو اسلام کی صورت میں پایا جاتا ہے۔ اسلام کے سوا جو دوسرے مذاہب ہیں، وہ سب کے سب محرف ہو چکے ہیں۔ بالفاظ دیگر، خالص تاریخی اعتبار سے وہ معتبر نہیں ہیں۔ اب تلاش مذہب کا صرف ایک ہی جواب باقی رہ گیا ہے، اور وہ بلاشبہ صرف اسلام ہے۔ لوگوں کی تلاش مذہب، حقیقت کے اعتبار سے تلاش اسلام ہے۔ اس کی وضاحت کے لیے یہاں میں ایک مثال دوں گا۔ ڈاکٹر انشی کانت چٹو پادھیابنگال کی ایک ہندو فیملی میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ آدمی تھے اور بیک وقت کئی زبانیں جانتے تھے۔ پختہ عمر کو پہنچنے کے بعد ان کے اندر تلاش حق کا جذبہ ابھرا۔ اب انھوں نے مطالعہ شروع کر دیا۔ سب سے پہلے انھوں نے فلسفہ پڑھا۔ مگر انھوں نے محسوس کیا کہ فلسفہ صرف سوال تک پہنچاتا ہے، وہ جواب کے بارے میں ہماری رہنمائی نہیں کرتا۔ اس کے بعد انھوں نے مذاہب کا جائزہ لینا شروع کیا۔ سب سے پہلے انھوں نے ہندو مذہب اور اس کی مختلف شاخوں کو پڑھا، مگر وہ انھیں مطمئن نہ کر سکا۔ کیونکہ انھوں نے پایا کہ ہندو مذہب سارا کا سارا اِنتھا لوجی پر قائم ہے۔ ایسے کسی مذہب کی صداقت پر عقلی اعتبار سے یقین کرنا ممکن نہیں۔ اس کے بعد انھوں نے مسیحیت اور یہودیت وغیرہ مذاہب کا مطالعہ کیا مگر یہ یہاں بھی ان کو اطمینان نہیں ملا۔ کیونکہ یہ تمام مذاہب انھیں تاریخ کے معیار پر پورے اترتے نظر نہیں آئے۔ ان کی سمجھ میں نہیں آیا کہ جو چیز تاریخی طور پر ثابت شدہ نہ ہو اس کے حقیقی ہونے پر وہ کیونکر یقین کر سکتے ہیں۔ آخر میں انھوں نے اسلام کا مطالعہ کیا۔ انھوں نے پایا کہ یہاں ہر چیز ثابت شدہ ہے یہاں ہر بات تاریخ کے معیار پر پوری اتر رہی ہے، اسلام کا پیغمبر مکمل معنوں میں ایک تاریخی شخصیت ہے نہ کہ محض افسانوی یا اعتقادی شخصیت، یہ دیکھ کر وہ بے اختیار پکار اٹھے۔ اف، کیسا عجیب ہے یہ پانا کہ آدمی تلاش کرتے کرتے آخر کار ایک سچے تاریخی پیغمبر کو پالے جس پر وہ یقین کر سکے :

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page