Urdu book · عظمتِ اسلام

خدا اور مذہب

Urdu book, p. 22

By Maulana Wahiduddin Khan

خدا اور مذہب خدا ہمیشہ سے ہے ، وہ ہمیشہ رہے گا ۔ وہ ہر قسم کی طاقتوں کا مالک ہے ۔ کسی کو بھی اس کے اوپر اختیار نہیں ، اس کو سب کے اوپر اختیار ہے ۔ خدا نے موجودہ کائنات کو پیدا کیا۔ جدید ترین سائنسی اندازہ کے مطابق ، کائنات کی عمر ۳۰ بلین سال ہے ۔ اتنی لمبی مدت سے کائنات مسلسل حرکت میں ہے اور اس میں کہیں کوئی نقص یا ٹکراؤ پیدا نہیں ہوا ۔ ناقابل قیاس حد تک وسیع کائنات میں خدا نے زمین جیسا ایک کرہ پیدا کیا۔ یہاں وہ تمام اسباب مہیا کیے جو انسان جیسی ایک مخلوق کو زندہ رکھنے اور تمدن کی تعمیر کرنے کے لیے ضروری ہیں ۔ موجودہ دنیا انسان کی قیام گاہ نہیں ہے بلکہ امتحان گاہ ہے۔ فرشتوں کا غیبی نظام یہاں ہر آدمی کی نگرانی کر رہا ہے ۔ موت کے بعد تمام لوگ آخرت کی دنیا میں دوبارہ اٹھائے جائیں گے ۔ وہاں ہر ایک کے عمل کے مطابق اس کو بدلہ یا انعام دیا جائے گا ۔ زندگی کی اس نوعیت کو بتانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے غیرمعمولی انتظامات کیے ہیں ۔ کائنات کو اس ڈھنگ پر بنایا گیا ہے کہ وہ خدا کی اور خدا کی باتوں کی عملی تصدیق بن گئی ہے ۔ وہ خاموش زبان میں خدا کے پیغام کا اعلان کر رہی ہے ۔ اسی کے ساتھ انسان کی نفسیات کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ خدا کی بات ہر آدمی کے دل کی آواز ہے ۔ ان ابتدائی انتظامات کے بعد مزید انتظام وہ کیا گیا ہے جس کو وحی و رسالت کہا جاتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے ہر زمانہ میں اپنے بندوں میں سے کچھ بندوں کو چنا ۔ ان پر فرشتے کے ذریعہ اپنا کلام اتارا ۔ ان برگزیدہ ہستیوں نے انسان کی قابل فہم زبان میں انسان کو بتایا کہ انسان کے بارہ میں اس کے رب کی مرضی کیا ہے ۔ آخری رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم تھے ۔ پچھلے پیغمبروں کی تعلیمات میں ان کے ماننے والوں نے تحریف کر دی ۔ اس بنا پر ان کی مستند حیثیت ختم ہوگئی ۔ مگر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور آپ کی لائی ہوئی کتاب پوری طرح محفوظ ہیں ۔ اس لیے اب خدا کی ہدایت کو معلوم کرنے کا واحد مستند ذریعہ صرف آپ کی تعلیمات ہیں ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page