Urdu book · عظمتِ قرآن

دیباچہ

Urdu book, p. 5

By Maulana Wahiduddin Khan

دیباچہ اس مجموعہ میں قرآن کے تین مختلف پہلوؤں پر مختصر گفتگو کی گئی ہے۔ ایک یہ کہ قرآن اپنی ذات میں اس بات کی دلیل ہے کہ وہ خدا کی کتاب ہے۔ دوسرا یہ کہ وہ اسی ابتدائی صورت میں کامل طور پر محفوظ ہے جیسا کہ وہ ساتویں صدی عیسوی میں پیغمبر عربی صلی اللہ علیہ وسلم پر اترا تھا، تیسرا یہ کہ قرآن ایک کتاب دعوت ہے۔ اور اس کی دعوت میں اتنی قوت ہے کہ جب بھی اس کو صحیح طور پر دنیا کے سامنے لایا جائے گا وہ اقوام عالم کو مسخر کرلے گا۔ قرآن سے پہلے بھی خدا کی طرف سے بہت سی آسمانی کتابیں اتری تھیں۔ پھر اس میں اور دوسری آسمانی کتابوں میں کیا فرق ہے۔ قرآن اور دوسری آسمانی کتابوں میں جو فرق ہے وہ اس اعتبار سے نہیں ہے کہ ایک کامل ہے اور دوسری غیر کامل، ایک افضل ہے اور دوسری غیر افضل۔ مختلف آسمانی کتابوں میں اس قسم کا امتیاز قائم کرنا خود پیغمبروں کے درمیان امتیاز قائم کرنا ہے۔ اور خدا کے پیغمبروں کے درمیان امتیاز قائم کرنا يقینی طور پر صحیح نہیں۔ پھر دونوں کتابوں میں کیا فرق ہے۔ وہ فرق صرف ایک ہے۔ اور وہ یہ کہ قرآن محفوظ ہے۔ جب کہ دوسری کتابیں اپنی اصلی اور ابتدائی حالت میں محفوظ نہیں۔ یہی محفوظیت قرآن کی اصل امتیازی خصوصیت ہے۔ اسی خصوصیت کی بنا پر اب وہ قیامت تک کے لیے واحد قابل اتباع اور واحد ذریعہ نجات کتاب ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page