دیباچہ
Urdu book, p. 6
By Maulana Wahiduddin Khan
تاہم قرآن کا محفوظ ہونا اور محفوظ رہنا کوئی معمولی واقعہ نہیں۔ یہ اس آسمان کے نیچے پیش آنے والے تمام واقعات میں سب سے زیادہ عجیب ہے۔ اس کی غیر معمولی اہمیت اس وقت سمجھ میں آتی ہے جب کہ اس پر غور کیا جائے کہ دوسری کتابیں کیوں محفوظ نہیں رہیں ۔ اور قرآن کیوں مکمل طور پر محفوظ حالت میں باقی ہے۔ خدا کو اگرچہ تمام موجودات پر کلی اختیار حاصل ہے۔ مگر متعین مدت کے لیے اس نے انسانوں کو بر بنائے امتحان آزادی دے دی ہے۔ اسی آزادی سے فائدہ اٹھا کر ہر بار انسان یہ کرتا رہا کہ آسمانی کتابوں کو بدلتا یا ضائع کرتا رہا۔ آخر کار خدا نے انسانوں کے اوپر اپنا خصوصی فضل فرمایا۔ اپنی ہدایت کو مسلسل صحیح حالت میں باقی رکھنے کے لیے اس نے مزید حفاظتی اہتمام کیا۔ خدا کی خصوصی مدد سے رسول اور اصحاب رسول ایک نئی تاریخ کو ظہور میں لائے۔ انہوں نے تمام شریروں کو زیر کیا۔ انھوں نے قدیم دنیا کو بدل کر ایک ایسی نئی دنیا پیدا کی جو اپنے ناقابل تسخیر موافق پہلوؤں کے ساتھ قرآن کی ابدی حفاظت کی ضامن بن جائے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ قرآن ظاہری اور معنوی دونوں اعتبار سے ہمیشہ کے لیے محفوظ اور غالب صحیفہ بن گیا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader