Urdu book · دینِ انسانیت

مطالعہ سیرت

Urdu book, p. 338

By Maulana Wahiduddin Khan

مطالعہ سیرت پیغمبر اسلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تاریخ کی ایک استثنائی شخصیت ہیں۔ آپ واحد انسان ہیں جن کی زندگی میں انسانیت اعلیٰ کے تمام پہلو اپنی کامل صورت میں جمع ہوگئے ۔ آپ کی زندگی کا مطالعہ گویا کامل انسانیت کا مطالعہ ہے۔ یہی بات قرآن میں ان لفظوں میں کہی گئی ہے کہ۔ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِيْمٍ (68:4)۔ یعنی، بیشک تم ایک اعلیٰ اخلاق پر ہو۔ سیرت رسول ایک جامع قسم کی انسانی انسائیکلو پیڈیا ہے۔ وہ نہ صرف حیات بشری کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیے ہوئے ہے، بلکہ مختلف زمانوں کی رعایت بھی اس میں کمال درجہ میں پائی جاتی ہے۔ تاہم سیرت رسول کا مطالعہ سادہ طور پر ڈکشنری کے انداز میں نہیں کیا جا سکتا۔ ڈکشنری میں ہم ایسا کرتے ہیں کہ اپنا مطلوب لفظ حروف تہجی کی ترتیب سے نکال کر دیکھ لیتے ہیں۔ اسی طرح سیرت کا مطالعہ اس طرح نہیں کیا جا سکتا کہ حدیث اور سیرت کی مروجہ کتابوں میں متعلق ابواب کو کھول کر دیکھ لیا جائے۔ ایسا مطالعہ سیرت کا کامل مطالعہ نہیں ہوسکتا۔ قرآن میں ہے کہ: تمہارے لیے اللہ کے رسول میں بہترین نمونہ ہے، اس شخص کے لیے جو اللہ کا اور آخرت کے دن کا امیدوار ہواور کثرت سے اللہ کو یاد کرے (23:21)۔ رسول کی زندگی میں بلاشبہ حیات بشری کے لیے کامل نمونہ ہے۔ مگر اس نمونہ کو اس کی گہرائیوں کے ساتھ سمجھنے کے لیے وہ شخصیت درکار ہے جس کی معرفت اتنی بڑھی ہوئی ہو کہ ایک خدا ہی اس کی تمام تو جہات کا مرکز بن جائے۔ وہ زندگی کی حقیقت سے اتنا زیادہ باخبر ہو جائے کہ آخرت کے سوا ہر چیز اس کو بے حقیقت نظر آنے لگے۔ وہ معرفت کی اس سطح پر پہنچا ہوا ہو کہ اللہ کی یاد اس کی سب سے بڑی ذہنی سرگرمی بن گئی ہو۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page