Urdu book · دین کامل

تاریخ دعوت

Urdu book, p. 241

By Maulana Wahiduddin Khan

رہ گئے ہیں۔ اور اس کے تمام ترجمان وہ نادان مسلم رہنما جنھوں نے اسلام کو حکمرانوں کے ٹکڑوں کا عنوان بنایا اور اسلام کو مسلم حکمرانوں کے لیے سیاسی خطرہ کی حیثیت دے کر انھیں غیر ضروری طور پر اسلامی تحریکوں کا دشمن بنا دیا۔ دوسرا معاملہ ان ملکوں کا ہے جہاں مسلمان تعداد کے اعتبار سے اقلیت میں ہیں۔ یہاں کے مسلم رہنما بھی عملاً وہی کر رہے ہیں جو مسلم ملکوں کے مسلم رہنما کر رہے ہیں ۔ دونوں جگہ یکساں طور پر بے فائدہ لڑائی جاری ہے اور ان لڑائیوں نے مواقع دعوت کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ مسلم ملکوں میں اسلام کی سیاسی حیثیت کو منوانے کی لڑائی ہو رہی ہے اور دوسرے ملکوں میں مسلمانوں کی قومی حیثیت کو منوانے کی۔ یہ دونوں ہی قسم کی تحریکیں بلاشبہ باطل ہیں۔ اور اس کا سب سے بڑا عملی ثبوت یہ ہے کہ افراد اور وسائل کی بے انتہا مقدار حاصل ہونے کے باوجود دونوں ہی قسم کی تحریکیں مکمل طور پر ناکام ہیں ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے خدا نے یہ فیصلہ کر رکھا ہو کہ تم پہاڑوں اور سمندروں کو اپنی پشت پر کھڑا کر دو، تب بھی ہم تم کو ناکامی کے سوا کسی اور انجام تک پہنچنے نہ دیں گے ۔ حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں کے لیے کرنے کا صرف ایک ہی کام ہے ۔ اور وہ دعوت الی اللہ ہے۔ ان کی دنیا کی کامیابی اور آخرت کی نجات دونوں اسی ایک کام سے وابستہ ہیں۔ یہی وہ کام ہے جو ابدی طور پر خدا نے ان کے لیے مقدر کر دیا ہے ۔ اگر وہ اس کام کے لیے اٹھیں تو وہ خدا کی رحمتوں کا سب سے زیادہ حصہ پانے کے حقدار ٹھہریں گے ۔ اور اگر وہ اس کام کے لیے نہ اٹھیں تو شدید اندیشہ ہے کہ وہ خدا کی پکڑ کی زد میں آجائیں گے ، اسلام کے نام پر ان کے موجودہ ہنگامے ان کو خدا کی پکڑ سے بچانے والے نہیں بن سکتے ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page