تنقید
Urdu book, p. 5
By Maulana Wahiduddin Khan
تنقید یہ رسالہ میری کتاب ” تعبیر کی غلطی کا خلاصہ ہے۔ اس میں میں نے مختصر طور پر اس اصل بات کو واضح کرنے کی کوشش کی ہے جس کی بنا پر میرے نزدیک مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کا لٹریچر قابل اعتراض قرار پاتا ہے ۔ مولانا عبد الماجد دریا بادی نے ایک بار ایک مریضانہ ذہنیت کی نشاندہی فرمائی تھی جس سے ” ملت کے اچھے اچھے صالحین تک مستثنیٰ نہیں ہیں “ ( صدق جدید ۱۳ اکتوبر ) یہ مریضانہ ذہنیت مولانا کے نزدیک ہے تنقید کو برداشت نہ کرنا۔ مجھے مولانامودودی کے خلاف زبان کھولنے کے بعد خصوصیت سے اس مریضانہ ذہنیت کا تجربہ ہوا۔ مولانامودودی نے جماعت اسلامی کے لئے جو دستور وضع کیا تھا اس کے عقیدہ کی ایک دفعہ یہ بھی تھی کہ ”کسی کو تنقید سے بالاتر نہ سمجھے “ اس عقیدہ کا استعمال جب تک میں دوسروں کے اوپر کرتا رہا، جماعت کے حلقہ میں میری خوب واہ واہ ہوئی ۔ اور جب میں نے اس کا استعمال مولانامودودی کے خلاف کر دیا تو تو اس طرح میری دار و گیر شروع ہو گئی گویا میں ممنوعہ حد کے اندر داخل ہو گیا ہوں ۔ شاید عقیدہ کی یہ دفعہ دوسروں پر تنقید کرنے کے لئے تھی خود واضع دستور کے لئے نہ تھی ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader