مدارس سینٹر
Urdu book, p. 160
By Maulana Wahiduddin Khan
مدارس سنٹر کا اصل ایجابی کام یہ ہوگا کہ وہ مدارس اور اس کے نظام سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ باخبر کرائے۔ وہ لوگوں کے سامنے مدارس کی صحیح تصویر پیش کرے۔ حقیقت یہ ہے کہ مدارس کا صحیح تعارف ہی مدارس کے خلاف غلط فہمیوں کی کافی اور یقینی تردید ہے۔ مدارس سنٹر کا ایک کام یہ ہوگا کہ وہ ملک میں پھیلے ہوئے مدارس کے بارے میں معلومات جمع کرے۔ وہ ان کے درمیان اتحاد کی فضا قائم کرے۔ وہ مدارس کے مشترک مقاصد کے حصول کے لئے عمل کرے۔ وہ مدارس کے جال کو انفرادی دائرہ سے نکال کر ایک وسیع مشترک مجموعہ بنادے۔ خلاصہ یہ کہ مدارس سنٹر داخلی اعتبار سے مدارس کے لئے شیرازہ اتحاد ہوگا اور خارجی اعتبار سے مدارس کا اجتماعی نمائندہ۔ ایک اعتبار سے وہ مدارس کے استحکام کی علامت ہوگا اور دوسرے اعتبار سے مدارس کی آفاقیت کا محافظ۔ مدارس سنٹر کے قیام کی صورت میں مدارس کی افادیت اور مدارس کی طاقت دونوں میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔ مدارس سنٹر گویا ایک غیر سیاسی ایمپائڑ کی غیر سیاسی راجدھانی ہوگا۔ وہ بیک وقت مرکز ملت بھی ہوگا اور اسی کے ساتھ مرکز مدارس بھی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader