Urdu book · دین و شریعت

تالیف قلب

Urdu book, p. 181

By Maulana Wahiduddin Khan

علم کا یہی قول ہے کہ مؤلفة القلوب کی مد منقطع ہے اور ان کا حصہ ساقط ہو چکا ہے۔ (نیز ملاحظہ ہو، فتح القدیر للشوکانی ۴۷۳/۲) بعد کے زمانہ کے اکثر علماء کا مسلک یہی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد تالیف قلب کی یہ مد باقی نہ رہی۔ گویا کہ اب مالِ زکوة کی صرف سات مدیں ہیں نہ کہ قرآن کے بیان کے مطابق، آٹھ مدیں۔ ان لوگوں کے نزدیک تالیفِ قلب کی حکمت ضعف ہے۔ یعنی اسلام جب ضعیف تھا تو اپنے ضعف کی مالی تلافی کے لیے زکوة میں یہ مد مقرر کی گئی۔ مگر اسلام جب طاقتور ہو گیا تو اس قسم کی مالی دلجوئی کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ اس بنا پر کو یہ مد ساقط یا موقوف ہو گئی۔ فقہاء میں امام مالک اور امام ابو حنیفہ کا یہ مسلک کلیتاً ہے اور دوسرے علماء کا کسی قدر گنجائش کے ساتھ۔ مثلاً یہ کہ اب نو مسلم کو دیا جا سکتا ہے مگر کسی غیر مسلم کو نہیں دیا جائے گا۔ ان کے نزدیک نو مسلم لوگ فقراء مسلمین کے حکم میں داخل ہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ تالیف قلب کا حکم نہ تو ساقط ہوا ہے اور نہ یہ حکم ضعفِ اسلام کی بنا پر تھا۔ یہ حکم مصلحتِ دعوت کی بنا پر ہے نہ کہ ضعف اسلام کی بنا پر۔ اسلامی دعوت میں اصل انحصار دلیل پر ہوتا ہے۔ داعی کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ وہ دلیل کی قوت سے مدعو کو مطمئن کرے اور اُس کے اندر ذہنی تبدیلی لائے۔ مگر اس دعوتی عمل میں کچھ چیزوں کی ضرورت بطور معاون ہوتی ہے۔ مثلاً نرم گفتاری، اعلیٰ اخلاق، مدعو کے ساتھ تقریب کا معاملہ کرنا۔ چنانچہ تقریب دعوت کی اسی مصلحت کی بنا پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ ہجرت کرنے کے بعد تقریباً سولہ ماہ تک یہود کے قبلہ کو اپنا قبلہ بنائے رکھا۔ (تفسیر القرطبی، ۱۵۰/۲) تالیفِ قلب کی انہی صورتوں میں سے ایک صورت یہ ہے کہ مال یا تحفہ کے ذریعہ ان کی دلجوئی کی جائے۔ اس مقصد کے لئے دوسرے اموال کے علاوہ زکوۃ کی رقم بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ مال زکوة کے خرچ کی یہ مد ابدی ہے، وہ اس وقت تک باقی رہے گی جب تک دعوت کا عمل لوگوں کے درمیان جاری ہو، خواہ مسلمان، سیاسی اعتبار سے، طاقت کی حالت میں ہوں یا ضعف کی حالت میں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page