Urdu book · حقیقت حج

مرکز اتحاد

Urdu book, p. 113

By Maulana Wahiduddin Khan

اتحاد کا بھی گہرا راز چھپا ہوا ہے۔ کیونکہ اتحاد ایک مرکز پر جمع ہونے کا نام ہے۔ مسلمان جب حج کے موقع پر اپنے رب کے گرد اکٹھا ہوتے ہیں تو اس عمل کے دوران وہ اس مرکزی نقطہ کو بھی دریافت کر لیتے ہیں جو ان کی کثرت کو وحدت میں تبدیل کر سکے۔ وہ اپنی آخرت کا راز پانے کے ساتھ اپنی دنیا کا راز بھی پا لیتے ہیں۔ میرے سامنے دیوار پر بیت اللہ کی تصویر ہے۔ وسیع مسجد کے درمیان کعبہ کی جانی پہچانی عمارت ہے اور اس کے چاروں طرف لاکھوں انسان گول دائرہ میں اپنے رب کے آگے جھکے ہوئے عبادت کر رہے ہیں۔ یہ سالانہ اجتماعی نماز ہے جو ہر بار حج کے مہینہ میں ادا کی جاتی ہے۔ اس میں دنیا بھر کے 25 لاکھ سے زیادہ مسلمان شرکت کرتے ہیں۔ یہ پوری طرح ایک مرئی واقعہ ہے اور اس کا فوٹو لیا جا سکتا ہے۔ مگر کعبہ کو قبلہ بنا کر اس کے گرد نماز پڑھنے والے صرف وہی لوگ نہیں ہیں جو حرم کعبہ میں دکھائی دیتے ہیں، حرم کعبہ کے باہر کے مسلمانوں کا معاملہ بھی یہی ہے۔ تمام عرب کے لوگ اسی طرح روزانہ کعبہ کی طرف رُخ کر کے نماز ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح سارے ایشیا اور افریقہ کے مسلمان بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔ یہ دائرہ بڑھتا رہتا ہے یہاں تک کہ وہ سارے کره ارض پر پھیل جاتا ہے۔ تصور کی آنکھوں سے دیکھیے تو جو واقعہ صحن کعبہ میں ہوتا ہے وہی واقعہ زیادہ بڑے پیمانہ پر ہر روز ساری دنیا میں ہو رہا ہے۔ ساری دنیا کے لوگ روزانہ پانچ بار کعبہ کی طرف رُخ کر کے نماز ادا کرتے ہیں۔ وہ ساری دنیا میں کعبہ کے چاروں طرف کھڑے ہوتے ہیں۔ اس طرح گویا ہر روز پانچ بار روئے زمین پر مسلمانوں کا گول دائرہ بنتا ہے۔ درمیان میں کعبہ ہوتا ہے اور ساری دنیا میں اس کے گرد دائرہ بنائے ہوئے مسلمان نماز ادا کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ ایک ایسی عظیم اور مکمل اجتماعیت ہے جس کی مثال کسی بھی دوسرے مذہبی یا غیر مذہبی گروہ کے یہاں نہیں ملتی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page