Urdu book · حکمتِ اختلاف

سوال و جواب

Urdu book, p. 272

By Maulana Wahiduddin Khan

سوال مسلمان اپنے آپ کو ہندو کہلانا کیوں ناپسند کرتے ہیں؟ ہندو کوئی مذہبی شبد نہیں۔ یہ ایک جغرافی شبد ہے۔ بھارت کے جغرافیہ میں جو لوگ رہتے ہیں وہ سب ہندو ہیں، ٹھیک اسی طرح جس طرح جرمنی کے جغرافیہ میں رہنے والے سب جرمن ہیں۔ اس دیش میں ہندو اور مسلمان دونوں ہندو ہیں۔ مسلمان اگر اس بات کو مان لیں تو ہمارے دیش کا سارا جھگڑا ختم ہو جائے اور یہاں سماجی امن قائم ہو جائے۔ (ایم. ایس. شرما، نئی دہلی) جواب جرمنی میں رہنے والے تمام لوگ اس لیے جرمن کہے جاتے ہیں کہ ان کے کانسٹ ٹیوشن میں ایسا لکھا ہوا ہے۔ مگر انڈیا کے کانسٹ ٹیوشن میں ایسا نہیں ہے۔ اس کے مطابق اس ملک میں رہنے والے سب لوگ انڈین یا بھارتی ہیں۔ لہٰذا جرمن اور ہندو کے معاملہ کو یکساں کیسے بتایا جا سکتا ہے۔ اس معاملہ کی دوسری نظریاتی بنیاد یہ ہو سکتی تھی کہ یہاں کی قدیم کتابوں میں ایسا لکھا ہوا ہو۔ مگر جیسا کہ معلوم ہے، وید یا پران یا گیتا میں یہ لکھا ہوا نہیں ہے کہ اس دیش میں رہنے والے سب کے سب ہندو ہیں۔ بلکہ ہندو کا شبد تو ان کتابوں میں موجود ہی نہیں۔ پھر آخر وہ کون سی نظریاتی دلیل ہے جس کی بنیاد پر ایسا کہا جائے۔ محض کسی کا دعویٰ اس تصور کی بنیاد نہیں بن سکتا۔ ورنہ دوسرے لوگ بھی ایسا ہی دعویٰ کر سکتے ہیں۔ مثلاً عیسائی لوگ کہہ سکتے ہیں کہ عیسائی ان کا مذہبی نام نہیں ہے۔ ان کا اپنا اختیار کردہ نام مسیحی یا کرسچین ہے۔ عیسائی دراصل ایک جغرافی شبد ہے اور اس ملک کے رہنے والے سب کے سب عیسائی ہیں۔ اگر محض دعویٰ کافی ہو تو ہر گروہ اس قسم کا دعویٰ کر سکتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page