حکمتِ قرآن
Urdu book, p. 69
By Maulana Wahiduddin Khan
دوسری طرف اُس کو یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اُس کو اپنی زندگی کی کامیاب تعمیر کن خطوط پر کرنا چاہئے۔ خواہش کے خلاف قرآن کی سورہ نمبر ۴ میں اس پر زور دیا گیا ہے کہ شوہر اور بیوی میں اگر اختلاف ہو جائے اور وہ ایک دوسرے کو نا پسند کرنے لگیں تو دونوں کو ٹکراؤ کے بجائے موافقت کا طریقہ اختیار کرنا چاہئے۔ اس سلسلہ میں کہا گیا ہے کہ: ’’اگر وہ تم کو نا پسند ہوں تو ہو سکتا ہے کہ ایک چیز تم کو پسند نہ ہو مگر اللہ نے اس میں تمہارے لئے بہت بڑی بھلائی رکھ دی ہو‘‘ (النساء ۱۹) میاں اور بیوی کے تعلقات میں جب بھی اختلاف پیدا ہوتا ہے تو اس کا سبب یہ ہوتا ہے کہ ہر ایک دوسرے کے نا پسندیدہ پہلو کو مبالغہ آمیز انداز میں دیکھنے لگتا ہے۔ حالانکہ اُسی وقت اُس کے اندر کسی اور اعتبار سے پسندیدہ پہلو موجود ہوتا ہے۔ مگر غصہ کی وجہ سے دونوں پسندیدہ پہلو کو دیکھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس دنیا میں کوئی بھی آدمی صرف برا نہیں ہوتا۔ ہر آدمی کی زندگی کا کوئی مثبت پہلو ہوتا ہے اور کوئی منفی پہلو۔ اگر منفی پہلو کو نظر انداز کر کے معاملہ کیا جائے تو اس کے زبردست فائدے دونوں فریق کو حاصل ہوں گے۔ ازدواجی زندگی میں جب ایک مرد اور عورت دونوں اپنے آپ کو شامل کرتے ہیں تو یہ دونوں کے لیے سب سے زیادہ قریبی تعلق کے ہم معنیٰ ہوتا ہے۔ اس قسم کا قریبی تعلق بے حد مفید ہے۔ مگر اسی کے ساتھ اس قسم کے قریبی تعلق میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان فرق کی بنا پر اختلافات پیدا ہو جائیں اور پھر کسی ایک فرق کی بنا پر دونوں ایک دوسرے کو مطلوب سے کم سمجھنے لگیں۔ مگر یہ سرا سر نادانی ہے۔ عقلمندی یہ ہے کہ قریبی تعلق کے تعمیری پہلوؤں کو دھیان میں رکھا جائے اور اُن سے بھر پور طور پر فائدہ اٹھایا جائے۔ جہاں تک ناپسندیدہ پہلوؤں کی بات ہے تو اس معاملہ میں حقیقت پسندانہ طریقہ اختیار کرتے ہوئے اُس کو نظر انداز کر دینا چاہئے، یہی مرد کو بھی کرنا ہے اور یہی عورت کو بھی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader