Urdu book · حکمتِ اسلام

اسلام اور مغربی تہذیب

Urdu book, p. 7

By Maulana Wahiduddin Khan

اسلام اور مغربی تہذیب کسی بھی قوم کے رہن سہن (way of living) کا نام کلچر ہے۔ دنیا کی ہر قوم کا ایک کلچر ہوتا ہے جب کہ سوئیلائزیشن سے مراد شہری زندگی ہے۔ کلچر کے ایک مرحلہ سے دوسرے مرحلہ تک پہنچنے کا نام سوئیلائزیشن ہے۔ عام تصور کے مطابق ، اسلامی تہذیب اور مغربی تہذیب دونوں ایک دوسرے کے حریف ہیں۔ حتی کہ سموئيل ہنٹنگٹن کی مشہور کتاب کے مطابق ، دونوں تہذیبیں ایک دوسرے کے خلاف متصادم ہیں۔ یہ تصادم تشدد کی حد تک پہنچ چکا ہے۔ مگر راقم الحروف کے نزدیک یہ تجزیہ اصل واقعہ کے مطابق نہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ مغربی تہذیب اصولی طور پر اسلام کے حق میں ایک معاون واقعہ تھا۔ اُس نے اسلام کے لیے بہت سے نئے امکانات کھولے۔ اسلامی نقطہ نظر سے وہ ایک مطلوب انقلاب تھا۔ اس انقلاب کے لانے والوں میں بالفرض اگر کچھ منفی پہلو پائے جاتے ہوں تب بھی اس انقلاب کا مؤید اسلام ہونا مشتبہ نہ ہوگا۔ احادیث سے ثابت ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے متعدد بار غیر مسلموں کی رائے یا ان کے طریقہ کو کسی عملی معاملہ میں اختیار فرمایا۔ فنی تعریف سے قطع نظر، کوئی تہذیب ہمیشہ تخلیقی طاقت کے زور پر اُٹھتی ہے۔ کوئی گروہ اپنی تخلیقی صلاحیت کے ذریعہ نئی فکری اور عملی طاقتوں کو دریافت کرتا ہے۔ یہ دریافت اُس گروہ کو دوسرے لوگوں سے آگے کر دیتی ہے۔ اس طرح ایک تہذیب وجود میں آتی ہے اور اس تہذیب کے حامل دوسروں کے اوپر فوقیت حاصل کر لیتے ہیں۔ مغربی تہذیب کا ظہور اصلاً اسی قسم کے ایک مثبت واقعہ کی حیثیت سے ہوا۔ مگر بعد کو اس میں ایسے اضافی پہلو شامل ہو گئے جن کی وجہ سے مغربی تہذیب کی وہ متنازعہ صورت بن گئی جو آج نظر آتی ہے۔ یہ اضافی پہلو خاص طور پر دو ہیں۔ ایک پہلو کا تعلق خود مغربی تہذیب کے علم برداروں سے ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page