عورت اور مرد کا فرق
Urdu book, p. 144
By Maulana Wahiduddin Khan
خلاصہ کلام عام طور پر لوگ باڈی ڈیویلپمنٹ اور پرسنلٹی ڈیویلپمنٹ کے فرق کو نہیں سمجھتے۔ وہ پرسنلٹی ڈیویلپمنٹ کے لفظ کو باڈی ڈیویلپمنٹ کے معنی میں استعمال کرتے ہیں۔ حالانکہ دونوں میں بہت زیادہ فرق ہے۔ باڈی ڈیویلپمنٹ کا تعلق زیادہ درست طور پر آدمی کی داخلی شخصیت کے ڈیویلپمنٹ سے ہے۔ کسی عورت یا مرد کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ وہ اس حقیقت کو جانے کہ پرسنلٹی ڈیویلپمنٹ ہی اس کا سب سے بڑا نشانہ ہے۔ ڈیویلپڈ پرسنلٹی کو دوسرے الفاظ میں پاکیزہ روح (purified soul) کہا جاسکتا ہے۔ موجودہ دنیا میں کسی آدمی کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ وہ اپنی شخصیت کو ارتقا یافتہ شخصیت بنائے۔ وہ پرسنلٹی ڈیویلپمنٹ کے کورس سے گزر کر اپنے آپ کو اس قابل بنائے کہ وہ اُن منتخب لوگوں کے پڑوس میں جگہ پاسکے جو موت کے بعد کی ابدی دنیا میں بنائی جانے والے ہیں۔ یہ ترقی یافتہ شخصیت وہ ہے، جس کے اندر مثبت سوچ (positive thinking) ہو۔ جس نے اس بات کا ثبوت دیا ہو کہ وہ منفی تجربات کو مثبت نتیجے میں ڈھال سکتا ہے۔ جس کی روح، امن اور انسانیت کے اعلیٰ جذبات سے بھری ہوئی ہو۔ جس نے اپنے اندر خدائی اخلاقیات کی پرورش کی ہو۔ اس پرسنلٹی ڈیویلپمنٹ کے لیے جو چیزیں سب سے زیادہ ضروری ہیں وہ ہیں سنجیدگی، دیانت داری، انصاف اور عمومی خیر خواہی جیسے جذبات۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آدمی کے اندر یکطرفہ اخلاقیات کی صلاحیت پائی جاتی ہو۔ وہ دو طرفہ اخلاقیات کا مزاج اپنے اندر نہ رکھتا ہو۔ پرسنلٹی ڈیویلپمنٹ کے لیے ضروری ہے کہ آدمی اپنے اندر اعلیٰ ذوق رکھتا ہو۔ وہ سطحی دلچسپیوں سے اوپر اٹھ گیا ہو، وہ تفریح کے بجائے تعمیر میں یقین رکھتا ہو۔ وہ وقتی مفاد کے بجائے دور تر مفاد کو اپنا مقصود بنا سکے۔ ارتقاء یافتہ شخصیت بنانا ایک عظیم قربانی کا طالب ہے، جسمانی قربانی نہیں بلکہ فکر اور جذبات کی قربانی۔ اس قربانی کے بغیر کوئی انسان ترقی یافتہ شخصیت کے درجے کو نہیں پا سکتا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader