Urdu book · اسلام ایک عظیم جدوجہد

اسلام ایک عظیم جدوجہد

Urdu book, p. 4

By Maulana Wahiduddin Khan

بسم اللہ الرحمن الرحیم اسلام ایک عظیم جدوجہد قرآن مالک کائنات کا فرمان ہے جو اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ عزّت کس کے لئے ہے اور ذلت کس کے لئے؟ کامیاب کون ہے اور نامراد کون؟ دینوی اعتبار سے جب ہم کامیابی کا لفظ بولتے ہیں تو اس کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ کسی سوسائٹی میں ایک شہری کو ترقی کے جو مواقع دئے گئے ہیں ان کو استعمال کر کے اونچے درجات تک پہنچنا۔ ایک شخص بڑا تاجر، اونچا عہدیدار اور اعلیٰ اعزازات کا مالک ہو تو اس کو کامیاب انسان کہا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ماحول کے اندر تجارت کو بڑھانے کی جو ممکن صورتیں ہیں، اعلیٰ عہدوں پر پہنچنے کے لئے جو صفات مقرر کی گئی ہیں، اعزازات کے حصول کے لئے جو راستے بنے ہوئے ہیں، وہ شخص ان کو عبور کر گیا ہے اور اپنی جدوجہد کے نتیجہ میں اس نے اس بلند مقام کو پالیا ہے جو قانونِ وقت کے تحت اس کے لئے ممکن تھا۔ کامیابی کے معنیٰ اللہ دین کا چراغ پالینے کے نہیں ہیں، بلکہ کامیابی صرف اس واقعہ کا نام ہے کہ ایک شخص نے اپنی صلاحیت اور کام کے مواقع کو ان راہوں میں صرف کیا جو اس کے لئے کھلی ہوئی تھیں اور بالآخر اپنی کوششوں کے نتیجہ میں اس منزل تک پہنچ گیا جہاں راستوں کا کوئی چلنے والا پہنچتا ہے۔ کامیابی کوئی خوش قسمتی سے پیش آنے والا اتفاقی حادثہ نہیں ہے بلکہ وہ صحیح جدوجہد کا فطری نتیجہ ہے۔ اسی بات کو ایک مفکر نے ان لفظوں میں ادا کیا ہے۔ "لائق شخص اور کامیاب نہ ہو، جھوٹ ہے"

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page