Urdu book · اسلام ایک عظیم جدوجہد

اسلام ایک عظیم جدوجہد

Urdu book, p. 5

By Maulana Wahiduddin Khan

یہی حال دوسری زندگی کی کامیابی کا بھی ہے جو انسان کی حقیقی منزل ہے۔ جہاں تمام اگلے پچھلے انسان اپنے رب کے حضور جمع کئے جائیں گے۔ اس دن عزت اور کامیابی ان لوگوں کے لئے ہوگی جو خدا کی رضا کو پالیں اور ذلت اور نامرادی ان لوگوں کے لئے ہوگی جو اس کی رضا کو حاصل کرنے میں ناکام رہیں ۔ پہلے گروہ کے لئے دائمی عیش ہے اور دوسرے گروہ کے لئے دائمی عذاب ۔ جو شخص قرآن پر ایمان لائے اور اسلام کو اختیار کرے وہ گویا پہلے انجام کا امید وار ہے اور دوسرے انجام سے بچنا چاہتا ہے۔ مگر اس مقام بلند کا حاصل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے ۔ یہ ایک عظیم چڑھائی ہے جس کو عبور کرنے کے لئے ایک لمبے عمل کے بعد آدمی اس کے اوپر پہنچتا ہے۔ خدا کا انعام کسی پڑی ہوئی چیز کی طرح محض اتفاق سے کسی کو نہیں مل جاتا ، بلکہ دنیوی کامیابی کی طرح وہ بھی ایک زبردست جدوجہد کا قدرتی نتیجہ ہے جو اللہ تعالیٰ کے قانون کے مطابق کسی شخص کو حاصل ہوتا ہے۔ آخرت میں انسان کی کامیابی دراصل ایک لمبے امتحان سے پار اتر جانے کا دوسرا نام ہے ۔ انسان کو پیدا کر کے اللہ تعالیٰ نے ایک ایسی دنیا میں ڈال دیا ہے جہاں طرح طرح کے باطل نظریات اور فاسد رجحانات ہیں، جن سے اسے اپنے دل و دماغ کو پاک کرنا ہے، بہت سے غلط اور ناجائز طریقے ہیں جن سے اسے بچنا ہے، بہت سی شیطانی اور طاغوتی قوتیں ہیں جو انسان کو راہِ حق سے پھیر دینے میں لگی ہوئی ہیں ، ان طاقتوں سے لڑ کر انہیں زیر کرنا ہے۔ غرض دشواریوں سے بھرا ہوا ایک راستہ ہے جس کو طے کر کے اس کو اپنے رب تک پہنچنا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : حُجِبَتِ النَّارُ بِالشَّهَوَاتِ، وَحُجِبَتِ الْجَنَّةُ بِالْمَكَارِهِ (صحیح البخاری، حدیث نمبر 6487 ؛ صحیح مسلم، حدیث نمبر 2822 )۔ یعنی، جہنم لذتوں سے ڈھکی ہوئی ہے اور جنت تکلیفوں سے ڈھکی ہوئی ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page