Urdu book · اسلام ایک تعارف

حکمتِ اسلام

Urdu book, p. 228

By Maulana Wahiduddin Khan

دو قسمی طرزِ فکر بیسویں صدی کے نصف اول میں کمیونسٹ دنیا کا عام طرزِ فکر یہ تھا کہ جو ہمارے ساتھ نہیں وہ ہمارا دشمن ہے۔ اس طرزِ فکر کو نفسیات کی اصطلاح میں دو قسمی طرزِ فکر (dichotomous thinking) کہا جاتا ہے۔ یہ طرزِ فکر ہلاکت خیزی کی حد تک غلط ہے چنانچہ تقریباً پچاس سال تک تمام کمیونسٹ اس حماقت میں مبتلا رہے کہ جہاں انھیں اقتدار حاصل تھا وہاں وہ ہر غیر ساتھی کو تہہ تیغ کرتے رہے۔ سابق سوویت یونین میں انھوں نے ۲۵ ملین انسانوں کو دوزخ کر ڈالا اور بے شمار خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دیں۔ اس کے علاوہ جن ملکوں میں انھیں اقتدار حاصل نہ تھا وہاں انھوں نے اپنے غیر ساتھیوں کے خلاف لامتناہی قسم کی لفظی جنگ چھیڑ دی۔ تمام غیر ساتھیوں پر جھوٹی تنقیدیں کرنا، ان کی کردار کشی کرنا، ان کے خلاف جھوٹا لٹریچر چھاپنا، ان کے خلاف ہر الزام کو اپنا حق سمجھ لینا، یہ ان کا شیوہ بن گیا۔ اس راہ میں انھوں نے اپنی بہترین صلاحیت اور بہترین اثاثہ کو ضائع کر دیا۔ یہ طرزِ فکر سراسر غیر فطری ہے۔ تجربہ بتاتا ہے کہ انسان کی سوچ میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ آج وہ ایک ڈھنگ پر سوچتا ہے اور کل وہ دوسرے ڈھنگ پر سوچنے لگتا ہے۔ معلومات میں اضافہ اور نئے دلائل سے واقفیت، اس طرح کے اسباب آدمی کے ذہن کو ہمیشہ بدلتے رہتے ہیں۔ انسان کوئی جامد اسٹیچو نہیں ہے۔ وہ ایک زندہ ہستی ہے۔ وہ بار بار خارجی اثرات کو قبول کرتا ہے۔ کوئی انسان یا کوئی گروہ اگر بظاہر ہر آپ کا مخالف نظر آئے تو آپ اس کو مستقل طور پر اپنا مخالف نہ سمجھ لیجیے بلکہ اس کی مخالفت کو کم علمی یا غلط فہمی پر محمول کیجیے۔ اگر آپ ایسا کریں تو اس کا فطری نتیجہ ہوگا کہ اس کے بارے میں آپ کے اندر ہمدردی کی کیفیت پیدا ہوجائے گی۔ آپ اس سے دور ہونے کے بجائے اس سے قریب ہونے کی کوشش کریں گے۔ اس کے معاملے پر غیر جانب دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اس کو سمجھانے کی کوشش کریں گے۔ اس کے بعد، قرآن کے الفاظ میں آپ دیکھیں گے کہ جو شخص بظاہر آپ کا دشمن نظر آتا تھا وہ آپ کا قریبی دوست بن گیا (فإذا الذي بينك وبينه عداوۃ كأنه ولي حميم)

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page