Urdu book · اسلام ایک تعارف

حکمتِ اسلام

Urdu book, p. 232

By Maulana Wahiduddin Khan

تھرڈ آپشن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مدنی دور میں ایک جنگ وہ پیش آئی جس کو جنگ مؤتہ کہا جاتا ہے۔ یہ جنگ شام کی سرحد پر رومیوں اور ان کے حلیفوں کے مقابلہ میں ہوئی تھی۔ اس کے آغاز ہی میں صحابہ کی ایک تعداد شہید ہوگئی۔ اس کے بعد لوگوں نے حضرت خالد بن الولید کو سردار بنایا۔ حضرت خالد نے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ دونوں فریقوں کے درمیان تعداد کے اعتبار سے ناقابل عبور حد تک فرق پایا جاتا ہے۔ چنانچہ وہ حکمت کے ساتھ پیچھے ہٹ گئے اور مزید لڑے بغیر مدینہ واپس آگئے ۔ اس وقت مسلمانوں کی ایک قابل لحاظ تعداد اس فیصلہ سے اتفاق نہیں کرتی تھی۔ وہ لوگ سمجھتے تھے کہ یہ مقابلہ کو چھوڑ کر پسپائی کا طریقہ اختیار کرنا ہے اور جب انتخاب مقابلہ اور پسپائی کی دو حالتوں کے درمیان ہو تو مسلمان کو چاہیے کہ وہ مقابلہ کا طریقہ اختیار کرے نہ کہ پسپائی کا۔ یہ معاملہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے پیش ہوا تو آپ نے حضرت خالدؓ کے حق میں رائے دی۔ آپ نے جو کچھ فرمایا، اس کا مطلب یہ تھا کہ تم لوگ صرف دو حالتوں کے درمیان سوچ رہے ہو ــــ مقابلہ یا پسپائی۔ مگر یہاں ایک تیسری حالت بھی ہے اور وہ ہے بے فائدۂ مقابلہ کے میدان سے ہٹ کر مزید تیاری کے میدان میں واپس آجانا اور اپنے آپ کو اس قابل بنانا کہ آئندہ زیادہ مؤثر انداز میں فریق مخالف کے چیلنج کا جواب دیا جا سکے۔ اور خالد نے اسی تیسری حالت کا انتخاب کیا ہے ۔ اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اکثر حالت میں لوگ سیاہ اور سفید کے درمیان سوچتے ہیں۔ وہ سمجھ نہیں پاتے کہ ظاہری دو حالتوں کے علاوہ وہاں ایک تیسری حالت بھی موجود ہے جو زیادہ مفید اور مؤثر ہے۔ اس تیسری حالت کا نام تھرڈ آپشن ہے اور مذکورہ سنت رسول سے معلوم ہوتا ہے کہ تھرڈ آپشن کا طریقہ عین اسلام کا طریقہ ہے۔ پہلا اور دوسرا آپشن کھلے طور پر موجود ہوتا ہے اس لیے ہر شخص اس کو جان لیتا ہے۔ مگر تیسرا آپشن جو زیادہ بہتر آپشن ہے وہ ہمیشہ چھپا ہوا ہوتا ہے اس لیے اُس کو وہی سمجھتا ہے جو عقل والا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page