اسلام
Urdu book, p. 10
By Maulana Wahiduddin Khan
اسلام اسلام کے معنی اطاعت کے ہیں۔ مذہبِ اسلام کا نام اسلام اس لیے رکھا گیا کہ اس کی بنیاد خدا کی اطاعت پر ہے۔ اسلام والا وہ ہے جو اپنی سوچ کو خدا کے تابع کرلے، جو اپنے معاملات کو خدا کی تابع داری میں چلانے لگے۔ اسلام پوری کائنات کا دین ہے۔ کیوں کہ ساری کائنات اور اسکے تمام اجزاء خدا کے مقرر کیے ہوئے قانون کی ماتحتی میں چل رہے ہیں۔ یہی کا ئناتی رویہ انسان سے بھی مطلوب ہے۔ انسان کو بھی اسی طرح خدا کا فرماں بردار بن کر اپنی زندگی بسر کرنا ہے جس طرح بقیہ کائنات مکمل طور پر خدا کی فرماں بردار بنی ہوئی ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ کائنات مجبورانہ طور پر خدا کی پابندی کررہی ہے اور انسان سے یہ مطلوب ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنے آپ کو خدا کے حکموں کا پابند بنائے۔ آدمی جب اسلام کو اختیار کرتا ہے تو سب سے پہلے اس کی سوچ اسلام کے تحت آتی ہے۔ اس کے بعد اس کی خواہش، اس کے جذبات، اس کی دل چسپیاں، اس کے تعلقات، اس کی محبت ونفرت، سب خدا کی اطاعت کے رنگ میں رنگ جاتے ہیں۔ پھر آدمی کی روزمرہ کی زندگی خدا کی ماتحتی میں آنے لگتی ہے۔ لوگوں کے ساتھ اس کا سلوک اور اس کا لین دین اسلام کے تقاضوں میں ڈھل جاتے ہیں۔ وہ اندر سے باہر تک ایک اطاعت شعار انسان بن جاتا ہے۔ انسان خدا کا بندہ ہے۔ انسان کے لیے درست طریقہ صرف یہ ہے کہ وہ دنیا میں خدا کا بندہ بن کر رہے۔ اسی بندگی والی روش کا دوسرا نام اسلام ہے۔ اسلامی زندگی خدا کی بندگی اور

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader