Urdu book · اسلام کیا ہے

اسلام کیا ہے

Urdu book, p. 40

By Maulana Wahiduddin Khan

نہ جائے بلکہ ساری انسانیت کو اپنے اندر سمیٹ لے۔ وہ دنیا میں اس طرح زندگی گزارے کہ وہ دوسروں کا خیر خواہ بنا ہوا ہو۔ دوسروں کی خدمت کرنے کے لیے تیار رہتا ہو۔ وہ اپنے اثاثہ میں دوسروں کا حق بھی تسلیم کرے۔ خدمت خلق دوسرے لفظوں میں خدمتِ انسانیت ہے اور خدا کی عبادت کے بعد خدمتِ انسانیت سے بڑا کوئی اور کام نہیں۔ مساوات اسلام کے نزدیک تمام انسان برابر ہیں۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے حجتہ الوداع کے موقع پر اعلان کیا کہ کسی عربی کو کسی عجمی پر فضیلت نہیں۔ کسی سفید فام کو کسی سیاہ فام پر فضیلت نہیں۔ فضیلت کی بنیاد صرف تقویٰ ہے نہ کہ رنگ و نسل۔ انسانوں میں بظاہر رنگ و نسل وغیرہ کے اعتبار سے بہت سے فرق پائے جاتے ہیں۔ مگر یہ فرق پہچان کے لیے ہیں نہ کہ فضیلت کے لیے۔ سماجی اور قومی زندگی کا نظام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں میں ایسی خصوصیات ہوں کہ وہ ایک دوسرے کے مقابلہ میں پہچانے جا سکیں۔ اس سماجی ضرورت کی بنا پر خدا نے انسانوں میں مختلف اعتبار سے ظاہری فرق رکھے ہیں تا کہ دنیا کا نظام اور آپس کا لین دین آسانی کے ساتھ جاری رہے۔ مگر یہ تمام ظاہری فرق صرف دنیوی پہچان کے لیے ہیں۔ جہاں تک انسان کی حقیقی فضیلت کا تعلق ہے وہ تمام تر داخلی صفات پر منحصر ہے۔ اسی لیے حدیث میں آیا ہے کہ خدا لوگوں کے دلوں کو دیکھتا ہے، وہ ان کے جسموں کو نہیں دیکھتا۔ یعنی جسمانی فرق کا تعلق انسانی معاملات سے ہے۔ خدا کے یہاں صرف ان لوگوں کو اونچا درجہ ملے گا جو اپنی اندرونی خصوصیات کے اعتبار سے قابل قدر ثابت ہوئے ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page