Urdu book · اسلامی تعلیمات

تنظیم

Urdu book, p. 128

By Maulana Wahiduddin Khan

تنظیم قرآن میں ارشاد ہوا ہے : اور اللہ نے بنی اسرائیل سے عہد لیا اور ان میں بارہ نقیب مقرر کئے اور اللہ نے ان سے کہا کہ میں تمہارے ساتھ ہوں ، اگر تم نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ ادا کرو اور میرے رسولوں کو مانو اور ان کی مدد کرو اور اللہ کو قرض حسن دو۔ اگر تم ایسا کرو تو یقیناً میں تمہاری برائیوں کو تم سے دور کردوں گا اور تم کو ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی ۔ پس اس کے بعد تم میں سے جس نے انکار کیا تو اس نے سواء السبیل کھودی ( مائدہ (۱۲) ایک دانے کے اندر خدا نے ایک سرسبز پودا چھپا رکھا ہے اور ایک گٹھلی کے اندر ایک پورا درخت موجود ہے۔ مگر یہ امکانات صرف اس وقت بروئے کار آتے ہیں جب کہ دانہ یا گٹھلی کو مٹی میں ڈالا جائے ۔ اگر ان کو شیشہ کی میز پر سجا کر رکھ دیا جائے تو نہ دانہ سے پودا نکلے گا اور نہ گٹھلی کبھی درخت کی صورت اختیار کرے گی ۔ اسی طرح اللہ نے دنیا کی ہر چیز کا ایک قاعدہ مقرر کر دیا ہے۔ یہ قاعدہ ہمیشہ کے لئے اٹل ہے۔ ہر چیز اسی مقرر قاعدہ پر قائم ہوتی ہے۔ اور اسی کے مطابق بڑھتی ہے۔ اگر اس قاعدہ کی خلاف ورزی کی جائے تو کبھی مطلوبہ نتیجہ بر آمد نہیں ہو سکتا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page