اظہارِ دین
Urdu book, p. 102
By Maulana Wahiduddin Khan
ایسٹروناٹ نیل آرم سٹانگ (Neil Armstrong) چار روزہ خلائی سفر طے کرکے چاند تک پہنچا اور چاند کی سطح پر اس نے اپنا قدم رکھ دیا۔ الحاد کا دور شرک کا مطلب ہے ۔ کسی غیر خدا کو خدا کا شریک (partner) قرار دے کر اس کی تعظیم یا عبادت کرنا۔ موجودہ زمانے میں جب شرک کا دور ختم ہوا تو اس کے بعد یہ ہونا چاہیے تھا کہ دنیا میں توحید کا دور آ جائے ، لیکن اُس وقت اہل مغرب دنیا کے فکری قائد بنے ہوئے تھے اور جیسا کہ معلوم ہے، قرونِ وسطیٰ (middle ages) کے زمانے میں مغرب کے اہل علم اور چرچ کے درمیان شدید ٹکراؤ ہوا۔ اِس ٹکراؤ کی تفصیل جان ولیم ڈریپر (J. W. Draper) کی درج ذیل کتاب میں دیکھی جاسکتی ہے : Conflict Between Science and Religion (1874) قرونِ وسطیٰ کے بعد یورپ میں انیسویں صدی میں جدید الحادی فکر کا دور آیا۔ یہ دور کسی علمی تحقیق کا نتیجہ نہ تھا، بلکہ وہ تمام تر ردِ عمل (reaction) کے نتیجے میں پیش آیا۔ اِس زمانے میں علمی تحقیق کا معیار یہ قرار پایا کہ وہ تمام تر سیکیولر انداز میں ہو، یعنی خدا کو حذف کر کے واقعات کی توجیہہ کرنا۔ اِس طرزِ فکر کے نتیجے میں وہ غیر مذہبی فلسفہ پیدا ہوا جس کو الحاد (atheism) کہا جاتا ہے۔ انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے، ایک توجیہہ طلب حیوان ( explanation-seeking animal) ہے۔ قدیم مشرکانہ دور میں یہ توجیہہ قیاسی بنیاد پر کی جاتی تھی۔ موجودہ ملحدانہ دور میں یہ توجیہہ علمی تحقیق کے نام پر کی جانے لگی ۔ اس نئے دور میں مغربی دنیا میں بہت سے مفکر پیدا ہوئے جو خدا کو حذف کرکے حیات اور کائنات کی توجیہہ کرتے تھے۔ اِس طریق تحقیق کے نتیجے میں ایک نیا دور پیدا ہوا۔ مزید یہ کہ اسی دور میں پرنٹنگ پریس بھی وجود میں آیا۔ پہلے کتابیں محدود طور پر ہاتھ سے لکھی جاتی تھیں، اب وہ چھپ کر عمومی طور پر پھیلنے لگیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader