Urdu book · اظہارِ دین

چند مثالیں

Urdu book, p. 139

By Maulana Wahiduddin Khan

ایک مغربی اسکالر نے درست طور پر لکھا ہے کہ علم کا میدان بہت وسیع ہے۔ علم کی دو قسمیں ہیں۔ چیزوں کا علم (knowledge of things)، اور سچائی کا علم (knowledge of truth)۔ اہل علم کے درمیان بلا اختلاف یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ سائنس کا دائرہ صرف چیزوں کے علم تک محدود ہے۔ سچائی کا علم سائنس کے دائرے سے مکمل طور پر باہر ہے۔ ایسی حالت میں یہ کہنا صحیح ہوگا کہ سائنس اس مقابلے میں بطور امیدوار بھی شامل نہیں۔ انسان کا مطالعہ بتاتا ہے کہ انسان کو اپنی زندگی کا راستہ متعین کرنے کے لیے گہرے علم کی ضرورت ہے۔ اس ضرورت کو ڈاکٹر الیکس کیرل نے اپنی کتاب انسانِ نامعلوم (Man the Unknown) میں بخوبی طور پر واضح کیا ہے۔ مگر اس کے ساتھ یہ بھی ایک ثابت شدہ حقیقت ہے کہ انسان خود اپنی کوششوں سے اس ناگزیر علم کو دریافت نہیں کر سکتا۔ ایک طرف علم کا ناگزیر ہونا اور دوسری طرف انسان کا اس ناگزیر علم کو دریافت کرنے کے لیے نااہل ہونا، بتاتا ہے کہ اس معاملے میں انسان کو ایک خارجی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اس حقیقت کو سامنے رکھتے ہوئے پیغمبر کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ بلاشبہ پیغمبر ہی وہ انسان ہے جو خدا کے نمائندے کی حیثیت سے ہمارا حقیقی رہنما ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page